Live Updates

پاکستانی قوم عقیدہ تحفظ ختم نبوت اور دفاع وطن کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی،مولانا حامد الحق حقانی

-چھ 06ستمبر فتح مبین کی گولڈن جوبلی ہے اور تحفظ ختم نبوت کا تاریخ ساز دن ہے۔ یہ دن حضرت مولانا عبدالحق کا یوم وفات بھی ہے۔

جمعہ 6 ستمبر 2024 21:35

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 ستمبر2024ء) جمعیت علما اسلام کے سربراہ، دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامدالحق حقانی نے کہاہے کہ 7ستمبر پاکستان اور اسلام اور تحفظ ختم نبوت کا عظیم تاریخی یادگار دن ورثہ میں ہمیں اپنے قومی لیڈر شپ کی جانب سے انعام کے طورپر ملا ہے، اس تاریخی دن کو کامیاب اوریادگار بنانے والے ہیروز میں ہمارے داداشیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق اور والد گرامی شہید ناموس رسالت،شہیدپاکستان شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق شہید، حضرت مولانا مفتی محمود،حضرت مولانا شاہ احمد نورانی،پروفیسر غفور،مولانا غلام غوث ہزاروی،شیخ الحدیث مولانا تقی عثمانی اور اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اوردیگر ارکان قومی اسمبلی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کے دفاع کے ساتھ ساتھ ختم نبوت کے تحفظ کے لحاظ سے یہ فتح مبین کا دن ہے، میرے والد مولانا سمیع الحق شہید اور مولانا تقی عثمانی نے شیخ الحدیث حضرت مولاناعبدالحق اور حضرت مولانا مفتی محمود کے حکم پر اڑتالیس گھنٹوں میں''قادیانیت اور ملت اسلامیہ کا موقف''کتاب قومی اسمبلی کے لئے مدلل دلائل سے بھرپور تیار کی، وہی کتاب اٹارنی جنرل آف پاکستان نے قومی اسمبلی میں پڑھ کر سنائی اور قائدین حضرت مولانا مفتی محمود،شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق نے اس پر زبردست آواز اور تحریک قومی اسمبلی میں بلند کی جس کی بنیاد پر قادیانی کافر اور اقلیت قرار دے دئیے گئے جو کہ آئین کا حصہ بن چکا ہے، قادیانی آئین پاکستان کے غدار ہیں جو آئین کو آج تک تسلیم نہیں کرتے اور ہمارے حکمران انکو آئے دن سہولیات دیتے رہتے ہیں جوکہ لمحہ فکریہ ہے۔

7ستمبر 1974 کے پچاس سال گولڈن جوبلی مکمل ہونے کی یاد میں آج ملک بھر میں تحفظ ختم نبوت کا نفرنسوں کا اہتمام ہورہا ہے جوکہ بہت ہی خوش آئند ہے،ہماری دعا ہے کہ ملک بھر میں منعقد ہونے والے اجتماعات پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ، ملک میں جاری بد امنی،مہنگائی اور خراب معاشی صورتحال کے سد باب کے لئے سنگ میل ثابت ہوں،آج 6ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ہم پاک وطن کے دفاع،عزت،وقار کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجی،پولیس،عامة المسلمین، علمائے کرام کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ مادر وطن کے دفاع کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہارمولانا حامد الحق حقانی نے اکوڑہ خٹک میں ایک عظیم الشان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علاوہ ازیں ریلی سے قبل جامع مسجد شیخ الحدیث مولانا عبدالحق جامعہ دارالعلوم حقانیہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حقانی نے قوم سے اپیل کی کہ 7 ستمبر شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق کا یوم وفات ہے اور عالم اسلام کی عظیم اسلامی یونیورسٹی جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا یوم تاسیس بھی ہے اسلئے پورے پاکستان کے مدارس علمائے کرام،خانقاہوں،مساجد، تبلیغی مراکز اور خصوصا جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے کارکن رہنما اورساتھی دفاع پاکستان کی دیگر جماعتیں آج قادیانیت کے خلاف اپنے بیانات کے موقع پر امت کے ان عظیم رہنماؤں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں جن کی محنتوں سے قادیانی فتنہ اقلیت میں تبدیل ہوا اور خصوصا حضرت مولانا عبدالحق اور مولانا سمیع الحق شہید کیلئے ہرجگہ دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے۔

مولانا حامد الحق حقانی نے اس بات پر زور دیا کہ فرقہ واریت اور تعصب عالم اسلام اور پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کرسکتا ہے،سب کو توبہ استغفار کرکے امت کو یکجا کرنے کے لئے پاکستان اور دنیابھر میں دعوت تبلیغ کے کام کرنے کو فروغ دینا ہوگا جس سے امت مسلمہ اور پاکستان مستحکم ہوسکیں گے۔ریلی سے صوبائی امیر مولانا عبدالواحد خطیب، نائب امیر حافظ عبدالرفیع،مولانا عبدالقیوم حقانی،مولانا عرفان الحق حقانی، مولانا لقمان الحق،مولانا شبیر حقانی کے علاوہ دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔

قراردادوں میں کہا گیا کہ سودکو تمام شرعی عدالتیں اور تمام سپریم عدالتیں ایک گناہ اور جرم قرار دیں اور اس کی بیخ کنی کے لئے عدالتیں بینکاری سسٹم میں سود کو مکمل حرام قرار دیں اور عدالتیں اسلام اور شریعت کے مطابق جلد از جلد فیصلہ سنائیں۔اس کو مزید نہ لٹکائیں،پاکستان اسلامی ریاست کے نام پہ معرض وجود میں آیا ہے۔مقررین نے کہاکہ یہ کیسی رفاہی مملکت ہے جس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، گیس کی گرانی، پیٹرول کی مہنگائی، اشیائے خوردونوش کی مہنگائی اور غریب کے لئے کوئی روزگار میسر نہیں۔قوم کے غریب خودکشیوں پر مجبور ہو گئے ہیں،جبکہ حکومت دن بدن بلوں میں ٹیکسز ڈال ڈال کر لوگوں کا جینا دوبھر کررہے ہیں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات