عطااللہ تارڑ کے آفس میں عید میلاد النبی ﷺ کی سلسلہ میں تقریب کا انعقاد

ہمیں اپنی زندگیاں نبی کریم ﷺ کی سیرت کے مطابق گزارنی چاہیے تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہو‘ ساجدہ فاروق تارڑ

اتوار 15 ستمبر 2024 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر رہنما ساجدہ فاروق تارڑ نے وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ کے آفس حلقہ این اے 127میں ربیع الاول کی مناسبت سے خواتین کی محفل میلاد النبی ﷺ کی روح پرور محفل کا انعقاد کیا جس میں حلقہ کی عقیدت مند خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر سابق رکن اسمبلی غزالہ سعد رفیق، رکن پنجاب اسمبلی بی بی وڈیری، رکن اسمبلی رشدہ لودھی،رابعہ افضل کوارڈینیٹر ویمن ونگ این اے 127،فرح دیبا کوارڈی نیٹر وفاقی وزیر اطلاعات ثقافت و قومی ورثہ،معروف نعت خواں فیضیاب، کشور باجوہ، طاہرہ عزیز، شمیم مصطفی ، رخسانہ تاج، شمیم اختر، ثمر اعجاز، نسیم بانو، مہوش ارشد، سعدیہ ملک، شہباز طالب پرسنل سٹاف آفیسر ٹو وفاقی وزیر،حمزہ ملک کوارڈینیٹر این ای127اور دیگر احباب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خوانی کی محفل سجائی گئی، جہاں معروف خواتین نعت خوانوں نے حضور ﷺ کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے اور نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔شرکا نے اجتماعی طور پر بھی درود و سلام بھیجا۔ اس موقع پر ساجدہ فاروق تارڑنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا دن ہمیں آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے اور محبت و امن کا پیغام عام کرنے پر زور دیتاہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیاں نبی کریم ﷺ کی سیرت کے مطابق گزارنی چاہیے تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنی زندگی کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مطابق ڈھالیں جبکہ ہمیں ہر موقع پر اپنے اخلاق اور عمل کو بہتر بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں سے ایک بہت بڑا حصہ دوسروں کے ساتھ حسن سلوک کا ہے اس لئے ہمیں اپنی زندگیوں میں اور خاص طور پر ربیع الاول کے ان دنوں میں اپنے رویوں اور اخلاق کو دیکھنا چاہیے کہ کیا ہم اپنے گھر والوں دوستوں اور ارد گرد کے لوگوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آرہے ہیں جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں سکھایا۔

انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے ان بابرکت دنوں میں ہمیں اپنے معمولات میں نیکیوں کا اضافہ کرنا چاہیے۔محفل کے اختتام پر ملکی سلامتی، خوشحالی، مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ آخر میں محفل کے شرکا میں مٹھائی اور لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔