پاکستان کرکٹ اسوقت آئی سی یو میں ہے، اسے ڈاکٹر کی ضرورت ہے : راشد لطیف

آپ دیکھ سکتے ہیں کہ بہت سے مسائل ہیں، چاہے وہ میدان میں ہوں یا میدان سے باہر، جسمانی ، مالی طور پر چیزوں کو چلانے کیلئے تکنیکی طور پر مضبوط حکمت عملی کی ضرورت ہے : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 18 ستمبر 2024 12:06

پاکستان کرکٹ اسوقت آئی سی یو میں ہے، اسے ڈاکٹر کی ضرورت ہے : راشد لطیف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 ستمبر 2024ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان و وکٹ کیپر بیٹر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ ‘پاکستان کرکٹ اس وقت آئی سی یو میں ہے اور اسے ڈاکٹر کی ضرورت ہے’۔ 55 سالہ سابق وکٹ کیپر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اندر مسلسل تبدیلیوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل خراب کارکردگی نے سابق کرکٹرز اور شائقین کو پلئیرز پر تنقید کرنے کیلئے اکسایا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے سوشل میڈیا پر وائرل اپنی ایک ویڈیو میں کہا کہ پاکستان کرکٹ اس وقت آئی سی یو میں ہے، انہیں ایک پیشہ ور ڈاکٹر کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی اور مالی طور پر چیزوں کو چلانے کیلئے تکنیکی طور پر مضبوط حکمت عملی کی ضرورت ہے، آپ دیکھ سکتے ہیں کہ بہت سے مسائل ہیں، چاہے وہ میدان میں ہوں یا میدان سے باہر! قومی ٹیم کو ٹیسٹ فارمیٹ میں بڑا چیلنج درپیش ہے کیونکہ انہیں اگلے ماہ انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کا سامنا کرنا ہے جس نے اس سے قبل 2022ء میں اپنے آخری دورے کے دوران پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں 3-0 سے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب رواں برس آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2024ء سے ٹیم کے حالیہ پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے کے بعد بنگلا دیش کے خلاف پہلی بار ٹیسٹ میچ ہارنے کیساتھ ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا تھا۔