پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی کا اعلان

بس ٹرمنلز پر نئے کرائے نامے آویزاں کر دیئے گئے، نیا کرایہ نامہ آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جس بس نے نیا کرایہ نامہ آویزاں نہیں کیا اس کو بند کیا جارہا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 18 ستمبر 2024 15:37

پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر 2024ء ) پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی کا اعلان کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 40 سے 220 روپے تک کمی کی گئی ہے، وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے لاہور کے مختلف بس ٹرمینلز کا دورہ کرکے کرایوں میں کمی پر عملدرآمد کا جائزہ لیا، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا ہے کہ بس ٹرمنلز پر نئے کرائے نامے آویزاں کر دیئے گئے، نیا کرایہ نامہ آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جس بس نے نیا کرایہ نامہ آویزاں نہیں کیا اس کو بند کیاجارہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور سے کراچی کا کرایہ 4 ہزار 470 سے کم ہو کر 4 ہزار 250 روپے ہوچکا ہے، لاہور سے مردان کا پرانا کرایہ 1 ہزار 960 تھا لیکن اب نیا کرایہ 1 ہزار 860 روپے مقرر کیا گیا ہے، اسی طرح سوات کا پرانا کرایہ 2 ہزار 250 روپے سے کم کرتے ہوئے نیا کرایہ 2 ہزار 140 روپے ہوچکا ہے، لاہور سے راولپنڈی کا پرانا کرایہ 1 ہزار 110 سے کم کرکے 1 ہزار 050روپے مقرر کردیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کہتی ہیں کہ جب پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوتی ہے مریم نواز اور ان کی ٹیم کرایوں میں کمی کے لیے متحرک ہوتے ہیں، مریم نواز اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ کرایوں میں ہر صورت کمی ہو، پیٹرول سستا ہونے پر پنجاب کے علاوہ کسی صوبے میں آج تک کرایوں میں کمی نہیں ہوئی، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں زائد وصول کیے گئے کرایے مسافروں کو واپس دلائے جاتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ پر کرایوں میں کمی کا فوری اطلاق کر دیا گیا ہے، تمام بس اڈوں پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں کرایوں کا شیڈول خود چیک کر رہی ہیں۔