تنخواہ کے فرق کو ختم کرنا خواتین کے بااختیار بنانے اور ایک منصفانہ معاشرے کے قیام کیلئے ضروری ہے،شیری رحمان

بدھ 18 ستمبر 2024 23:13

تنخواہ کے فرق کو ختم کرنا خواتین کے بااختیار بنانے اور ایک منصفانہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2024ء) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تنخواہ کے فرق کو ختم کرنا خواتین کے بااختیار بنانے اور ایک منصفانہ معاشرے کے قیام کیلئے ضروری ہے، صنفی بنیادوں پر تنخواہوں میں یہ تفریق معاشی عدم مساوات کو بڑھا دیتی ہے۔مساوی تنخواہ کے عالمی دن پر پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ آج دنیا بھر میں مساوی تنخواہ کا عالمی منایا جا رہا ہے، اس دن کا مقصد صنفی تنخواہ کے فرق کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور مساوی کام کے لیے مساوی تنخواہ کا مطالبہ کرنا ہے، مساوی تنخواہ کا عالمی دن پاکستان کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے جہاں خواتین آبادی کا تقریباً نصف حصہ ہیں، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے مطابق عالمی سطح پر خواتین مردوں کی نسبت 20 فیصد کم کماتی ہیں، جبکہ پاکستان میں یہ فرق 34 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔

(جاری ہے)

شیری رحمان نے کہا کہ عالمی بینک کے مطابق پاکستان میں خواتین کی ورک فورس میں شمولیت 23.18 فیصد ہے، جبکہ مردوں کا ورک فورس 76.82 فیصد ہے،کچھ شعبوں میں تنخواہ کا یہ فرق بہت ہی واضح ہے، جہاں پاکستانی خواتین مردوں کی نسبت 45 فیصد کم کماتی ہیں، صنفی بنیادوں پر تنخواہوں میں یہ تفریق معاشی عدم مساوات کو بڑھا دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس فرق کو ختم کرنا خواتین کے بااختیار بنانے اور ایک منصفانہ معاشرے کے قیام کے لیے ضروری ہے،پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین کے حقوق اور اقتصادی بااختیاری کے لیے فعال کوششیں کی ہیں، اس میں کام کی جگہ پر تحفظ اور خواتین کے لیے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت تک رسائی شامل ہیںتاہم صنفی مساوات کے حصول کے لیے تنخواہ کے اس فرق کو ختم کرنے کے لیے فوری اور مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔