لاہور بورڈ کے سالانہ امتحانات برائے پری انجینئرنگ گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محمد حسن نواز کے اعزاز میں تقریب

بدھ 25 ستمبر 2024 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریاتعطااللہ تارڑ کے مرکزی آفس این اے 127 میں لاہور بورڈ کے سالانہ امتحانات برائے پری انجینئرنگ گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محمد حسن نواز کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں محمد حسن نواز کی تعلیمی کارکردگی کو سراہا گیا اور ان کی محنت اور لگن کی تعریف کی گئی۔

وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ محمد حسن نواز کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب میں معزز مہمانوں اور حسن نواز کے والدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ساجدہ فاروق تارڑ نے محمد حسن نواز کو خصوصی انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا۔

محمد حسن نواز نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والدین، اساتذہ کو دیا اور کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے اور محنت سے تعلیم حاصل کرتے رہیں گے۔ تقریب میں پی ایس او ٹو وفاقی وزیر شہباز طالب ، رابعہ افضل، فرح دیبا، سابق چیئرمین اشفاق احمد جٹ، رانا شاہد، محمد افتخار، سعدیہ ملک اور را خضر سمیت لیگی کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔