اب محلے کی ٹیم بھی پاکستانی ٹیم سے بہتر ہے : دنیش کنیریا کا دعوی

سرفراز احمد کی جگہ بابر اعظم کو قیادت دینا پی سی بی کا غلط فیصلہ تھا، موجودہ قیادت دباؤ کے حالات کو سنبھال نہیں سکتی : لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 ستمبر 2024 11:07

اب محلے کی ٹیم بھی پاکستانی ٹیم سے بہتر ہے : دنیش کنیریا کا دعوی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 ستمبر 2024ء ) سابق لیگ سپنر دنیش کنیریا نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ محلے کی ٹیم بھی پاکستان سے بہتر ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم اور پی سی بی کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے والے 43 سالہ سابق ٹیسٹ لیگ سپنر دنیش کنیریا نے کہا ہے کہ ایک محلے کی ٹیم پاکستان کرکٹ ٹیم سے بہتر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا معیار اتنا کم ہے کہ ایک محلہ کی ٹیم بھی ان سے بہتر ہے اور یہ سب پی سی بی کی وجہ سے ہے اور خراب کارکردگی پر بورڈ کو مورد الزام ٹھہرایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان کی کرسی اور پی سی بی میں چیئرمین شپ دماغوں کو خراب کرتی ہے، 2017ء میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو فتح دلوانے والے سرفراز احمد کی جگہ بابر اعظم کو قیادت دینا پی سی بی کا غلط فیصلہ تھا،اس وقت پاکستان تمام فارمیٹس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہا تھا، موجودہ قیادت دباؤ کے حالات کو سنبھال نہیں سکتی۔

(جاری ہے)

دنیش کنیریا نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ سرفراز احمد کی اچھی کپتانی کے باوجود بابر اعظم کو قیادت کی ذمہ داری کیوں سونپی گئی، کپتان وہ ہوتا ہے جو دباؤ کو اپنے کندھوں پر رکھ کرٹیم کو آگے لے کر جاتا ہے، بدقسمتی سے بابر اعظم اورشان مسعود ایسا کرنے میں ناکام رہے ہیں، وہ بیٹنگ میں بھی اپنی ذمہ دای انجام نہیں دے پارہے۔ پاکستان سے موازنہ کرتے ہوئے دنیش کنیریا نے کہا کہ بھارتی کرکٹرز ضرورت پڑنے پر مسلسل اپنا کردارادا کرتے ہیں، شبمن گل، رشبھ پنت، روی چندرن ایشون سمیت سبھی اپنا حصہ ڈالتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بھارت عالمی معیار کی ٹیم ہے، انہوں نے رشبھ پنت کو بھارت کا مستقبل کا کپتان قرار دیا۔