ہماری اتحادی حکومت ہے ،ہم نے اس کو چلانا ہے جو کہ ملک کی ترقی کے لئے بہت ضروری ہے،گورنر پنجاب

جمعرات 26 ستمبر 2024 17:03

ہماری اتحادی حکومت ہے ،ہم نے اس کو چلانا ہے جو کہ ملک کی ترقی کے لئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ ہم اتحادی حکومت کا حصہ ہیں،میثاق جمہوریت پر بی بی شہید اور محمد نواز شریف نے دستخط کر رکھے ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ آئینی پیکیج پر عمل کر کے چارٹر آف ڈیمو کریسی کو مکمل کیا جائے،وائس چانسلرز کی تقرری پر کوئی ذاتی جھگڑا نہیں،صوبائی حکومت کی سمری کے جواب میں ساری وجوہات بتا دی ہیں۔

وہ پیپلز پارٹی لاہور کے زونل صدر صداقت شیروانی کے داماد میاں عرفان وقار کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد چودھری اسلم گل اور حاجی عزیز الرحمن چن کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔قبل ازیں گورنر پنجاب پیپلز پارٹی کے رہنما جاوید الیاس بٹ سے انکی ہمشیرہ ،میاں خالد کے صاحبزادوں سے انکے والد اور رانا اشعر نثار سے انکی والدہ کی وفات پر تعزیت کیلئے ان کے گھروں میں گئے اور مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میاں زبیر سعید،کاشف سعید،میاں زین خالد،میاں منظور احمد،میاں شبیر،شکیل میر چنی،شیخ عرفان،شہباز درانی،رانا نیر نثار،نورین سلیم،عاطف کمبوہ،حافظ نعمان،عمر ایاز،میاں فیروز خالد،انجم بٹ،رانا محمد منشا،شعیب شیروانی،رانا ذوالفقار،حسن شیروانی،میاں وقار،عمران پال،نعمان یوسف،وقاص باکسر،ماہ عالم،وسیم قادری،طارق کمبوہ بھی موجود تھے۔

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ جب سے گورنر بنا ہوںمیں نے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کے گھروں پر جانا شروع کیاہے، لاہور شہر اور شہر سے باہر بھی کارکنوں کے گھروں میں جاتا ہوں۔میڈیا کے سوالوں کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مسلم لیگ( ن) سے تعلق رکھتی میں اور میں پیپلز پارٹی سے ہوں،ہماری اتحادی حکومت ہے اورہم نے اس کو چلانا ہے جو کہ ملک کی ترقی کے لئے بہت ضروری ہے۔