صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کے لیے نشان امتیاز کی سفارش کر دی

جمعرات 26 ستمبر 2024 17:20

صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کے لیے نشان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کے لیے نشان امتیاز کی سفارش کر دی۔صدر مملکت نے نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کو جمہوریت،اتحاد اور انصاف کیلئے غیر متزلزل لگن کے اعتراف میں نشان امتیاز (بعد از مرگ) دینے کی سفارش کی ہے۔

(جاری ہے)

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کابینہ ڈویڑن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایوارڈ دینے کا عمل شروع کریں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ نوابزادہ نصر اللہ ممتاز اور باوقار سیاستدان تھے۔ ان کی زندگی جمہوریت کی ترقی اور پاکستان کی سیاسی سالمیت کے لئے وقف تھی- صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کی بیمثال دیانت، رواداری اور جمہوری اقدار آئندہ آنے والی نسلوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہوں گی۔ نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کی کل 27 ستمبر کو 21 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔