امریکا فلسطین اور لبنان میں اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے. آیت اللہ خامنہ ای

حزب اللہ کو نقصان پہنچا ہے مگر یہ نقصان حزب اللہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کرسکتا ‘ امریکہ اس جنگ میں ملوث ہے‘ہر مسلمان پرفرض ہے کہ مسجد الاقصی کی آزادی کیلئے مدد کی کوشش کرے. ایرانی سپریم لیڈر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 26 ستمبر 2024 18:02

امریکا فلسطین اور لبنان میں اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے. آیت اللہ ..
نیویارک/تہران (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 ستمبر ۔2024 ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ فلسطین اور لبنان میں اسرائیلی جنگ کی پشت پناہی کر رہا ہے، اگرچہ اس جنگ میں حزب اللہ کونقصان پہنچا مگر یہ جنگ اسرائیل نہیں مزاحمتی قوتیں ہی جیتیں گی. آیت اللہ خامنہ ای کا جاری بیان میں کہنا ہے کہ صدارتی الیکشن کےلیے امریکی حکومت کو اس بات کی ضرورت ہے کہ وہ یہ ظاہر کرے کہ اس نے صیہونی حکومت کی مدد کی ہے اور اسے جنگ جتوائی ہے ساتھ ہی امریکی حکومت کو مسلمانوں کے ووٹوں کی بھی ضرورت ہے اس لیے وہ یہ ظاہر کرنے کی بھی کوشش کررہے ہیں کہ جیسے وہ اس جنگ میں ملوث نہیں ہیں.

(جاری ہے)

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ فلسطین اور لبنان میں اسرائیلی جنگ کی پشت پناہی امریکہ کر رہا ہے امریکہ اس جنگ میں نہ صرف ملوث ہے بلکہ اسے ضرورت ہے کہ صیہونی حکومت یہ جنگ جیتے انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اور دیگر مزاحمتی قوتیں ہی یہ جنگ جیت رہی ہیں جس کا ثبوت اسرائیل کی جانب سے لبنان اورفلسطین میں خواتین‘ بچوں کو بے دریغ قتل کرنا‘سکولوں اورہسپتالوں پر بمباری ہے.

آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کی موثرقیادت میں سے کچھ اہم رہنما شہید ضرور ہوئے ہیں جس سے حزب اللہ کو نقصان پہنچا ہے مگر یہ نقصان حزب اللہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کرسکتا‘ یہ جنگ مزاحمتی قوتیں ہی جیتیں گی اور ہر مسلمان پرفرض ہے کہ مسجد الاقصی کی آزادی کیلئے مدد کی کوشش کرے‘دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسرائیل تمام لائنیں کراس کرچکا لبنان میں مکمل جنگ ہوئی تو ایران لا تعلق نہیں رہ سکتا سلامتی کونسل کو امن اور سلامتی کو بحال کرنے کیلئے مداخلت کرنا ہوگی.

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ خطہ بڑے پیمانے پر جنگ کے دہانے پر ہے عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیل تمام ریڈ لائنیں کراس کرچکا ہے سلامتی کونسل کو امن اور سلامتی کو بحال کرنے کے لیے مداخلت کرنی ہوگی اسرائیلی قیادت کو سمجھنا چاہیے کہ ان کے جرائم کی سزا ملنی ہے لبنان میں مکمل جنگ ہوئی تو ایران لاتعلق نہیں رہ سکتا ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ لبنان میں اسرائیلی مظالم اور قبضے کے خلاف دفاع کے لیے ایران حزب اللہ کی حمایت کرتا ہے.