میری شوریٰ نے کہا حکومت کے ساتھ نہیں جانا، آئینی ترمیم مسترد کرو

مجھے معلوم ہے اس میں بہت ساری چیزیں غلط ہورہی ہیں، پارلیمان کے اندر ووٹ سے کسی بھی غیر آئینی اقدام کو روکیں گے، مولانا فضل الرحمان

muhammad ali محمد علی جمعرات 26 ستمبر 2024 23:18

میری شوریٰ نے کہا حکومت کے ساتھ نہیں جانا، آئینی ترمیم مسترد کرو
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 26 ستمبر 2023ء ) مولانا فضل الرحمان نے انکشاف کیا ہے کہ میری شوریٰ نے کہا حکومت کے ساتھ نہیں جانا، آئینی ترمیم مسترد کرو۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز تحریک انصاف کے وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میری شوریٰ نے کہا حکومت کے ساتھ نہیں جانا، آئینی ترمیم مسترد کرو، مجھے معلوم ہے اس میں بہت ساری چیزیں غلط ہورہی ہیں، پارلیمان کے اندر ووٹ سے کسی بھی غیر آئینی اقدام کو روکیں گے۔

مسودہ اور تجاویز ہمارے ہاتھ آجائیں پھر آگے بڑھا جائے گا، جب ہمارےپاس مسودہ ہوا تو پھر ہی کسی سے بات کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی وفد میں سلمان اکرم راجا، حامد رضا، اخوانزادہ حسین شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں آئینی ترمیم اور پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

جے یوآئی ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک آئینی ترمیم کا ڈرافٹ تیار ہی نہیں ہوا، ہم اپوزیشن کا حصہ ہیں اور رہیں گے، معاشرے کیلئے بہتر قانون سازی ہوئی تو حکومت کے ساتھ چل سکتے ہیں۔ ملاقات سے قبل سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا حال احوال پوچھیں اور سیاسی معاملات پر بات چیت ہوگی، حکومت آئینی ترمیم لارہی ہے ہم اس معاملے پر بات کریں گے، حکومت نے پہلے لوگ جبری طور پر اٹھائے اب ایسا نہیں ہوگا، حکومت کو پیغام ہے کہ ہمارے ایم این ایز پورے ہیں۔

سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان آئینی ترمیم کے معاملے پر ہمارے ساتھ ہیں، ہم نے پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنانا ہے، ہم ایک عوامی تحریک کے طور پر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر جماعتیں ساتھ دیں گی۔ مولانا فضل الرحمان سے خوش آئندہ گفتگو ہوئی ہے۔مزید برآں پی ٹی آئی نے شیخ وقاص اکرم کو پارٹی کا سیکرٹری اطلاعات مقرر کردیا ہے، جبکہ راؤف حسن کو پالیسی تھنک ٹینک کا سربراہ بنادیا گیا ہے۔بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر دونوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔