رواں مالی سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں امریکا پہلے نمبر پر موجود ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان

پیر 30 ستمبر 2024 14:43

رواں مالی سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران پاکستانی مصنوعات کی برآمدات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2024ء) امریکا رواں مالی سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں پہلے نمبر پر جبکہ متحدہ عرب امارات دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی تااگست 2024-25 کے دوران امریکا کو پاکستان سے کل برآمدات 949.855 ملین امریکی ڈالر کی گئیں ،گزشتہ برس جولائی تااگست 2023-24 کے دوران 934.666 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کی گئی اس طرح رواں برس امریکا کو کی گئی برآمدات میں 1.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعداد وشمار کے مطابق دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات کو برآمدات کی گئی ، پاکستان نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات کو 295.563 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں رواں برس کے پہلے دو ماہ کے دوران 400.977 ملین امریکی ڈالر کی اشیا برآمد کیں، جس میں 35.66 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ برطانیہ تیسرا سب سے بڑا برآمدی ملک ہے ، جہاں پاکستان نے زیر جائزہ ماہ کے دوران 366.370 ملین امریکی ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں جبکہ گزشتہ برس برطانیہ کو 351.186 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

اعداد و شمار کے مطابق چین کو پاکستان سے کی جانے والی برآمدات میں 7.66 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، جبکہ جرمنی کو برآمدات گزشتہ سال 253.155 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے 287.169 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔جولائی تا اگست 2024-25 کے دوران ہالینڈ کو 226.624 ملین ڈالر کے مقابلے میں 247.343 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ اٹلی کو برآمدات 195.539 ملین ڈالر کے مقابلے میں 186.984 ملین ڈالر رہیں۔

سپین کو پاکستان کی برآمدات 231.945 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو کہ 242.201 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات تھیں جبکہ افغانستان کو 146.655 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال 88.393 ملین ڈالر تھیں۔بنگلہ دیش کو برآمدات 98.589 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے میں 122.004 ملین امریکی ڈالر رہی۔اسی طرح زیر جائزہ مہینوں کے دوران فرانس کو 91.043 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے میں 82.680 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ بیلجیئم کو 96.515 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے میں 100.402 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔

اعدادوشمار کے مطابق رواں سال سعودی عرب کو پاکستان کی برآمدات 114.189 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال 95.174 ملین امریکی ڈالر تھیں جبکہ ترکیہ کو برآمدات 61.354 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے میں 64.812 ملین امریکی ڈالر رہیں۔