شہیدِ ملت لیاقت علی خان کا یوم پیدائش منگل کو منایا گیا

منگل 1 اکتوبر 2024 15:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2024ء) شہیدِ ملت لیاقت علی خان کا یوم پیدائش منگل یکم اکتوبر کو منایا گیا۔ شہیدِ ملت لیاقت علی خان یکم اکتوبر 1895 کو بھارتی پنجاب کے گاؤں کرنال میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم گھر سے حاصل کی، لیاقت علی خان نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے علاوہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔

انہوں نے 1923 میں بھارت واپس آ کر مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی، لیاقت علی خان اپنی خداداد صلاحیتوں کے باعث جلد ہی قائداعظم کے قریب ہوگئے اور تحریک پاکستان کے دوران ہر اہم سیاسی معاملے میں قائداعظم کی معاونت کی۔وہ 1933 میں بیگم رعنا لیاقت علی خان سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، قائد ملت لیاقت علی خان برٹش حکومت کی عبوری حکومت کے پہلے وزیرِ خزانہ بھی منتخب ہوئے، قیام پاکستان کے بعد قائد اعظم محمدعلی جناح نے انہیں ملک کا پہلا وزیراعظم نامزد کیا اور اپنے انتخاب کو درست ثابت کرنے کے لیے انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

لیاقت علی خان کو 16 اکتوبر 1951میں راولپنڈی میں شہید کر دیا گیا۔ شہیدِ ملت لیاقت علی خان کی سالگرہ کے موقع پر سرکاری و غیر سرکاری اور نجی اداروں کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات میں ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیاگیا۔