عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے

مشرق وسطٰی کی کشیدہ صورتحال کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 10 فیصد تک اضافہ ہو گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 4 اکتوبر 2024 00:51

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اکتوبر2024ء) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے، مشرق وسطٰی کی کشیدہ صورتحال کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 10 فیصد تک اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مشرق وسطٰی میں کشیدہ صورتحال نے تیل کی عالمی مارکیٹ کو بری طرح متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ صرف 3 دنوں میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 10 فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔

چند روز قبل تک 70 ڈالرز کی سطح سے نیچے چلے جانے والا برطانوی خام تیل اب 77 ڈالرز کی سطح سے اوپر چلا گیا ہے۔ جبکہ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت بھی 73 ڈالرز سے اوپر چلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حملے کے بعد سونے، تیل اور محفوظ پناہ گاہوں کی کرنسیوں جاپانی ین اور سوئس فرانک کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

(جاری ہے)

جغرافیائی سیاسی تناؤ میں اضافے کے ساتھ سونے کی قیمت بھی 1 فیصد سے زیادہ بڑھ کر 2,642 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔

امریکی بانڈز کی قیمت مبں بھی اضافہ ہوا، 10 سالہ امریکی ٹریژری بانڈز کے تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی خدشات کے درمیان سرمایہ کاروں نے خطرات مول لینے سے گریز کیا اور یورپی سٹاک میں کمی دیکھی گئی۔ ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی بڑھتی ہے تو آئندہ دنوں میں تیل کی سپلائی لائنز میں مزید تعطل کا خدشہ ہے۔ تیل کی سپلائی میں تعطل آنے کی وجہ سے قیمتوں میں مزید اضافہ ہو جانے کا خدشہ ہے۔
                                    

متعلقہ عنوان :