گورنرسندھ نے پہلے بین الاقوامی پاکستانی کھجور فیسٹیول کا افتتاح کردیا

جمعہ 4 اکتوبر 2024 22:45

گورنرسندھ نے پہلے بین الاقوامی پاکستانی کھجور فیسٹیول کا افتتاح کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اکتوبر2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستانی کھجوروں کی عالمی منڈی میں بہت گنجائش ہے، پاکستانی کھجوروں کی عالمی منڈی تک مکمل رسائی سے کثیر زرمبادلہ یقینی بنایا جاسکتا ہے، کامیاب فیسٹیول کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد دیتا ہوں اس امید کے ساتھ کہ اس فیسٹیول سے اشتراک اور تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پہلے بین الاقوامی پاکستانی کھجور فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے تقریب میں شرکت پر گورنر سندھ کا خیر مقدم کیا۔ گورنر سندھ نے شیخ منصور بن زید آل نہیان کا شکریہ ادا کیا، جن کی ہدایت پر آج کراچی میں پہلا کھجور فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کے انعقاد پر متحدہ عرب امارات کے صدر کو وزارت خارجہ کے ذریعہ شکریہ کا خط لکھوں گا، انہوں نے مزید کہا کہ فیسٹیول پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے جذبہ کا واضح عکاس ہے۔ گورنر سندھ نے گورنر ہائوس میں کھجور کے کاشتکاروں کو دعوت دیتے ہوئے ان کی معاونت کے لیے فیسیلیٹیشن کائونٹر کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ اس سے وفاقی اداروں اور صوبہ کے درمیان رابطوں میں مدد ملے گی جس سے پاکستانی کھجور کی برآمدات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان ان پانچ ممالک میں شامل ہے جو کھجور کی بڑی پیداوار کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہم کھجور کے ایک درخت سے 50 ڈالر کماتے ہیں جبکہ دیگر ممالک 1500 ڈالر کماتے ہیں، اس کی بڑی وجہ ٹیکنالوجی کا فقدان اور عدم توجہ ہے اس ضمن میں ہمیں کمرشل پلانٹیشن کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں جلد خیرپور اور دیگر علاقوں کا دورہ کروں گا تاکہ کاشتکاروں کے مسائل کے فوری حل کے اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔#