شمالی وزیرستان، فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت6 جوان شہید، 6 خوراج ہلاک

لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے، شہید ہونے والے 5 بہادر سپاہیوں میں لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد شامل ہیں، آئی ایس پی آر

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 5 اکتوبر 2024 12:01

شمالی وزیرستان، فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت6 جوان شہید، ..
شمالی وزیرستان(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05اکتوبر 2024) شمالی وزیرستان میں پاک فوج اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 جوان شہید ، سپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج بھی ہلاک ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے خلاف 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کارروائی کی گئی اور لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ہونے والے 5 بہادر سپاہیوں میں لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 43 سالہ شہید لیفٹیننٹ کرنل کا تعلق فیصل آباد سے ہے جب کہ دیگر پانچ جوانوں کا تعلق خیبر، لکی مروت، ٹانک، اورکزئی اور سوات سے ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔یاد رہے کہ قبل ازیںقانون نافذ کرنے والے اداروں نے ضلع سوات کے علاقے چارباغ میں 4اور 5 اکتوبر کی درمیانی راتانٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشن کیاگیاتھا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد خارجی سرغنہ عطاءاللہ عرف مہران سمیت دو خوارجی مارے گئے جبکہ ایک خوارجی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیاتھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن انٹیلی جنس کی اطلاع پر کیاگیاتھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق خارجی عطا اللہ عرف مہران علاقے میں دہشت گردوں کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھا اس نے 22 ستمبر 2024 کو سوات میں غیر ملکی معززین کے قافلے کو لے جانے والی پولیس گاڑی پر آئی ای ڈی دھماکا کرنے کا بھی ذمہ دار تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد خارجی سرغنہ عطاءاللہ سمیت 2 خوارج ہلاک ہو گئے جبکہ ایک خارجی کو زخمی حالت میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔