Live Updates

عمران خان کی 72 ویں سالگرہ، پی سی بی کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی

اس سے قبل گزشتہ سال 14 اگست کو ملک کے 76 ویں یوم آزادی پر عمران خان کو نظرانداز کرنے پر کرکٹ بورڈ کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 5 اکتوبر 2024 15:50

عمران خان کی 72 ویں سالگرہ، پی سی بی کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اکتوبر 2024ء ) سابق وزیر اعظم عمران خان کی 72 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا سوشل میڈیا اس حوالے مکمل خاموش ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان نے 5 اکتوبر 1952ء کے روز لاہور میں آنکھ کھولی اور کرکٹ کے شعبے میں تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔ خاص طور پر 1992ء کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر عمران خان کو آج تک یاد کیا جاتا ہے۔

عمران خان نے 88 ٹیسٹ میچز میں 3807 رنز سکور کرنے کے ساتھ ساتھ 362 وکٹیں حاصل کیں جب کہ 175 ایک روزہ میچز میں انہوں نے 3709 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 182 وکٹیں اپنے نام کیں۔ پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے نام کی 72 ویں سالگرہ پر ابھی تک کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر انہیں سالگرہ کی مبارکباد نہیں دی گئی ہے جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پی سی بی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گزشتہ سال 14 اگست کو ملک کے 76 ویں یوم آزادی پر عمران خان کو نظرانداز کرنے پر کرکٹ بورڈ کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس وقت سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی تھی جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تاریخی لمحات اور کامیابیوں کو جھلکیوں کی صورت میں پیش کیا گیا، اس میں 1992ء کے ورلڈ کپ سمیت 2009ء کے ٹی20 ورلڈ کپ، 2017ء کی چیمپئنز ٹرافی اور 2000ء اور 2012ء کے ایشیا کپ کی جھلکیاں دکھانے کے ساتھ ساتھ ٹیم کی دیگر بڑی فتوحات کو بھی دکھایا گیا، تاہم اس میں عمران خان دکھائی نہیں دیے تھے۔

اس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید دیکھنے میں آئی جس کے اگلے روز ویڈیو میں عمران خان کو شامل کر لیا گیا تھا۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد عمران خان نے آگے چل کر انہوں نے تحریکِ انصاف کی بنیاد رکھی اور اسی پلیٹ فارم سے 2002ء تا 2007ء اور پھر 2013ء سے 2018ء تک رکنِ قومی اسمبلی رہے۔ سیاست میں قدم رکھنے سے قبل عمران خان کرکٹر کی حیثیت سے نمایاں مقام حاصل کرچکے تھے۔

عمران خان کا مکمل نام عمران احمد خان نیازی ہے، انہوں نے شوکت خانم کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کی بنیاد رکھی اور نمل کالج سمیت دیگر فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کرکے سماجی رہنما کی حیثیت سے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ عمران خان نے تعلیم ایچی سن کالج لاہور، رائل گرائمر اسکول ویلسٹر، انگلینڈ اور بعد ازاں آکسفورڈ یونیورسٹی سے حاصل کی۔

کرکٹ کا آغاز 13 سال کی عمر سے کیا اور 18 سالہ عمران خان قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوگئے۔ انگلینڈ کے خلاف 1971ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی۔ 1982ء سے لے کر 1992ء میں ورلڈ کپ جیتنے تک عمران خان قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان رہے۔ 2005ء میں عمران خان کو بیرونس لاک ووڈ کے بعد بریڈ فورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بھی مقرر کیا گیا۔ سیاست کی دنیا میں وزیر اعظم عمران خان کی جماعت تحریکِ انصاف کو احتساب کا علمبردار سمجھا جاتا ہے جس نے 2018ء میں اقتدار پر براجمان ہو کر اپوزیشن رہنماؤں کی نیندیں اڑا دیں ، اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں امت مسلمہ کی آواز بن کر عالمی برادری کو جھنجھوڑ ڈالا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات