حضور نبی اکرم ﷺکی حیات طیبہ انسانیت کیلئے اسوہ حسنہ ہے،ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

ہفتہ 5 اکتوبر 2024 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2024ء) چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرمﷺکی حیات طیبہ ساری انسانیت کیلئے تاقیامت رول ماڈل ہے،آپ ﷺکی حیات مبارکہ پوری انسانی تہذیب و تمدن کی اصلاح و تعمیر کا جامع عنوان ہے جو قرآن کے ابدی اصولوں کی تفسیر ہے جسے نبی کریمﷺنے عمل کی زبان میں پیش کیا ہے۔

ہفتہ کے روز یہاں منہاج القرآن کے سکالرز اور لاہور تنظیم کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺنے زندگی کے ہر شعبے،ہر گوشے اور ہر پہلو کے بارے میں مکمل رہنمائی عطا فرمائی ہے،ہر انسان کو ہدایت ورہنمائی حضور نبی اکرم ﷺکی حیات کامل اور سیرت پاک میں ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور نے رواں سال 41ویں عالمی میلاد کانفرنس کو تاریخ ساز بنانے کے لئے جو خدمات انجام دیں وہ ہر اعتبار سے قابل ستائش و قابل تعریف ہیں۔

(جاری ہے)

اس پر صدر پروفیسر ذوالفقار علی،ناظم لاہور امجد حسین چودھری، سینئر نائب صدر ڈاکٹر سلطان محمود چودھری، کیپٹن(ر) عبدالمجید،امجد علی قادری، محمد افضل بھٹی، میاں ممتاز حسین اور ریحان چودھری سمیت لاہور کی جملہ تنظیم کو مبارکباد دیتا ہوں،نائب ناظم اعلی علامہ رانا محمد ادریس بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اللہ رب العزت نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کو یہ توفیق بخشی کہ انہوں نے سیرت طیبہ کے فروغ کے لئے میلاد کلچر کو عام کیا اور اس خدمت دین کے نتیجے میں آج گھر گھر میلاد کی محافل ہو رہی ہیں، بلاشبہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور تکریم ایمان کی روح ہے۔