اسی مقام پر امریکہ کی خاطر گولی کا سامنا کیا، ٹرمپ

DW ڈی ڈبلیو اتوار 6 اکتوبر 2024 14:40

اسی مقام پر امریکہ کی خاطر گولی کا سامنا کیا، ٹرمپ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 06 اکتوبر 2024ء) ٹرمپ نے پنسلوانیا میں اسی مقام پر جلسے سے خطاب کیا جہاں ان پر رواں سال جولائی میں ایک جلسے کے دوران حملہ کیا گیا تھا۔

آج ایک بار پھر ان کے اس جلسے میں ہزاروں شرکا موجود تھے۔ ٹرمپ پنسلوانیا میں بٹلر کے مقام پر واپس لوٹے اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ''بارہ ہفتے پہلے میں نے اس مقام پر امریکہ کے لیے گولیوں کا سامنا کیا۔

‘‘

جولائی میں ہونے والے حملے میں ایک گولی ٹرمپ کے کان کو چھو کر گزر گئی تھی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔

جولائی میں ٹرمپ پر ہونے والے حملے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ اس ریلی میں ٹرمپ کی جانب سے ہلاک ہونے والے فائر فائٹر کوریے کومپریٹور، جو اپنے خاندان کی حفاظت کرتے ہوئے فائرنگ کی زد میں آگئے تھے، کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

سابق امریکی صدر نے کومپریٹور کی یاد میں چند لمحات کی خاموشی بھی اختیار کی۔

ٹیسلا اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے بھی پہلی بار ٹرمپ کی ریلی میں خطاب کیا۔ ٹرمپ نے انہیں ایک ''عظیم انسان‘‘ کہہ کر ان کا تعارف ریلی سے کروایا۔

آج ہفتے کے روز منعقد ریلی میں سکیورٹی واضح طور پر سخت تھی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو پوری طرح سے گھیر رکھا تھا۔ آس پاس کی عمارتوں کی چھتوں پر سنائیپر تعینات تھے۔ ٹرمپ کے پوڈیم پر ایک بلٹ پروف گلاس بھی نصب کیا گیا تھا۔

ر ب/ ا ا (اے پی)