وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس

منگل 8 اکتوبر 2024 22:48

وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر وحید، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے ڈائریکٹر نوشین نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

پی آئی ٹی بی نے اس حوالے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ الحمدللہ لانچنگ سے اب تک چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 280 سے زائد معصوم بچوں کی سرجریز کامیاب ہو چکی ہیں۔چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

اس پروگرام کے تحت معصوم بچوں کی سرجریز کی ویٹنگ لسٹ میں واضح کمی واقع ہو رہی ہے۔ اس پروگرام سے قبل معصوم بچوں کے والدین کو سرجریز کیلئے ویٹنگ لسٹ کے مطابق مہینوں انتظار کرنا پڑتا تھا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ اس پروگرام کے تحت پنجاب کے چلڈرن ہسپتالوں کی صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی ڈیش بورڈ کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ حکومت پنجاب نے بچوں کی ہارٹ سرجری پروگرام کا پورا نظام انتہائی شفاف بنایا ہے۔