کوئی چیز پرفیکٹ نہیں ہوتی، آئینی ترمیم بھی پرفیکٹ نہیں ہوگی ،شیری رحمان

ہفتہ 12 اکتوبر 2024 22:29

کوئی چیز پرفیکٹ نہیں ہوتی، آئینی ترمیم بھی پرفیکٹ نہیں ہوگی ،شیری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2024ء) پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی قومی سلامتی پالیسی پر بھی اتفاق رائے پیدا کرتی ہے ‘اتفاق رائے پیدا کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کی خصوصیت ہے ‘کوئی چیز پرفیکٹ نہیں ہوتی، آئینی ترمیم بھی پرفیکٹ نہیں ہو گی ۔ خصوصی کمیٹی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ‘کمیٹی کا اجلاس ان کیمرہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی آئینی عدالت کو ترجیح سمجھا ‘یہ آئینی ترمیم عدالت پر حملہ ہر گز نہیں ہے‘ ججز کی تعیناتی پر مختلف ممالک میں مختلف طریقہ کار ہیں ‘کہیں ایسا نہیں کہ سینیارٹی کی بنیادوں پر ججز تعینات ہوں ‘سینیارٹی کی بنیادوں پر تعیناتیوں سے ڈیم فنڈز ہی بنے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے آئینی ترمیمی ڈرافٹ جمع کرایا ہے‘پیپلز پارٹی قومی سلامتی پالیسی پر بھی اتفاق رائے پیدا کرتی ہے ‘اتفاق رائے پیدا کرنا پیپلز پارٹی کی خصوصیت ہے ‘سیاست میں باہمی مفادات کی بنیاد پر بات ہوتی ہے ‘کوئی چیز پرفیکٹ نہیں ہوتی، آئینی ترمیم بھی پرفیکٹ نہیں ہو گی ۔

شیری رحمان نے کہا کہ آئینی ترمیم میں شفافیت لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔اس موقع پر سینیٹر کامران مرتضیٰ نے صحافیوںکو بتایا کہ جمعیت علمائے اسلام ف نے بھی اپنا ڈرافٹ جمع کرایا ہے۔