ایس سی او اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی کامیابی کامنہ بولتا ثبوت ہے،ایس سی او پلیٹ فارم سے پاکستان کو تجارت اور سرمایہ کاری میں نئے مواقع حاصل ہو سکتے ہیں

پیر 14 اکتوبر 2024 15:47

ایس سی او اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2024ء) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی کامیابی کامنہ بولتا ثبوت ہے،ایس سی او پلیٹ فارم سے پاکستان کو تجارت، سرمایہ کاری، اور توانائی کے شعبے میں نئے مواقع حاصل ہو سکتے ہیں، خاص طور پر چین اور روس جیسے بڑے ممالک کے ساتھ تعاون کے راستے کھل سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس کی میزبانی سے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر مقبولیت اور اہمیت میں اضافہ ہوگا، اور یہ دوسرے رکن ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ ایس سی او کے پلیٹ فارم میں علاقائی امن اور استحکام کے علاوہ دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر علاقائی مسائل پر بات چیت ہو گی جو خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر مثبت تاثر پاکستان کی طرف سے ایک کامیاب میزبانی عالمی سطح پر اس کا مثبت تاثر قائم کر سکتی ہے، جس سے بین الاقوامی تنظیموں اور ممالک کے ساتھ اس کی شراکت داری کو فروغ مل سکتا ہے۔اجلاس کی میزبانی سے پاکستان کو سفارتی تعلقات کو بہتر بنانے اور عالمی سطح پر اپنے موقف کو مضبوط کرنے کا بہترین موقع ملتا ہے۔۔ ایسا موقع ملکوں کے پاس کبھی کبھی آتا ۔یہ پاکستان کی ترقی کو اجاگر کرنے کے لیے نادر موقع ہے۔ پوری دنیا کی توجہ پاکستان پر مرکوز ہوگی اور اس موقع پر بڑے بڑے ممالک پاکستان کو فخر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔ اس تنظیم کے رکن ممالک میں چین، روس، بھارت، پاکستان، اور وسطی ایشیائی ریاستیں شامل ہیں جو عالمی سیاست اور معیشت میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہیں۔