Live Updates

حکومت کا پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ، ڈیزل مہنگا کر دیا گیا

وفاقی وزارت خزانہ نے اوگرا کی سفارشات پر غور کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 16 اکتوبر 2024 00:14

حکومت کا پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ، ڈیزل مہنگا کر دیا گیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر 2024ء ) حکومت کا پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ، ڈیزل مہنگا کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے اوگرا کی سفارشات پر غور کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 16 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک کیلئے پٹرول کی موجودہ قیمت برقرار رہے گی۔

31 اکتوبر تک کیلئے پٹرول کی فی لیٹر قیمت 247 روپے 3 پیسے ہی رہے گی۔ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ اضافے سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 251 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔ اس سے قبل اوگرا نے پٹرولیم کی قیمتوں میں 8 روپے سے زائد اضافے کی سفارش کی ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ تقریباً دو ہفتوں کے دوارن پیٹرول کی قیمت میں اوسطاً 2.8 ڈالر فی بیرل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 7 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 76 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر تقریباً 79 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کے نرخ اضافے کے بعد 80.5 ڈالر سے بڑھ کر تقریباً 87.5 ڈالر فی بیرل ہوگئے ہیں، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں صارفین پر بوجھ پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا۔

دوسری طرف پٹرولیم ڈیلرز نے پٹرول پمپس منافع میں اضافے کی حکومتی تجویز مسترد کردی ہے، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 1.35 روپے فی لیٹر اضافہ ناکافی قرار دیا، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے سیکرٹری پیٹرولیم سمیت دیگر حکام کو خط لکھ دیا، جس میں ایسوسی ایشن نے منافع لیٹر کے بجائے فیصد کے حساب سے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تجویز ماننے کی صورت میں پیٹرول پمپس کا منافع 20 روپے فی لیٹر تک ہوجائے گا، حکومت پٹرول پمپس کا منافع 1.40 روپے بڑھا کر 10.04 روپے فی لیٹر کرنا چاہ رہی ہے، اس مقصد کے لیے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مہنگائی بڑھ چکی ہے اس لیے منافع کی شرح کم سے کم 8 فیصد مقرر کی جائے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات