زعفران کی کامیاب کاشتکاری اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کیلئے موزوں زمین کا انتخاب کیا جائے، صوبائی وزیر سجاد بارکوال کی محکمہ زراعت کو ہدایت

بدھ 16 اکتوبر 2024 19:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ضلعی سطح پر جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جن میں محکمہ زراعت کی تمام ونگز کے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر ممبران ہوں، کمیٹی ضلعی سطح پر محکمہ زراعت کے تمام ونگز کے درمیان تعاون کرنے اور مشترکہ لائحہ عمل اپنانے میں مددگار ہوگی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ زغفران کے بیج کی خریداری کا عمل ایک ہفتے میں مکمل کیا جائے اور اس کی کامیاب کاشتکاری اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کےلئے موزوں زمین کا انتخاب کیا جائے نیز اس عمل کی نگرانی کےلیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تاکہ زعفران کی کاشت بروقت ہوسکے۔ یہ ہدایات انہوں نے محکمہ زراعت کی جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران دیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری زراعت عطاء الرحمان، محکمہ زراعت کی تمام ونگز کے ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے زرعی شعبے میں آبپاشی کی بہتری کیلئے ریسرچ سینٹر کے قیام اورجاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے فوری اقدامات اٹھا نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن منصوبوں کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں ان منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور سکیموں کی تکمیل کے لئے جاری رقوم کے شفاف انداز میں استعمال کو جلد یقینی بنایا جائے تاکہ کسانوں کو ریلیف ملے اور ان کی فصلوں میں خاطرخواہ اضافہ ممکن ہوسکے۔

انہوں نے تاکید کی کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی تاخیر اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ایک ہفتہ کے اندرانہیں فنڈز کے استعمال اور منصوبوں کی تکمیل کے بارے میں رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر زراعت نے صوبے میں زرعی ترقی کے لئے متعلقہ افسران کو بہترین روابط قائم کرنے اور اس کے لئے ضلعی سطح پر جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر تے ہوئے مزید کہا کہ افسران صوبے میں بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے لئے بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ اجلاس میں صوبے کے اندر زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :