پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

ہفتہ 19 اکتوبر 2024 15:23

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2024ء) پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 150ویں پی ایم اے لانگ کورس، 69ویں انٹیگریٹڈ کورس، 24ویں لیڈی کیڈٹ کورس اور 36ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا (نشان امتیاز ملٹری) نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پریڈ کا معائنہ کیا اور ممتاز کیڈٹس کو انعامات دیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی سے عراق، اردن، مالدیپ، سری لنکا، نیپال، فلسطین، سوڈان اور یمن سمیت کئی دوست ممالک کے کیڈٹس نے بھی گریجویشن کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا (نشان امتیاز ملٹری) نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پریڈ کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور ممتاز کیڈٹس کو انعامات دیئے۔ 150ویں پی ایم اے لانگ کورس کے بٹالین کے سینئر انڈر آفیسر عبداللہ افضل کو اعزازی تلوار سے نوازا گیا۔ 150ویں پی ایم اے لانگ کورس میں بٹالین کے سینئر انڈر آفیسر بابر اللہ امان کو صدارتی گولڈ میڈل، دوست ملک نیپال سے 150ویں پی ایم اے لانگ کورس کے سینئر انڈر آفیسر کشتیج گرونگ کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل دی گیا۔

36ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے جونیئر انڈر آفیسر محمد عمر شیراز کو چیف آف آرمی سٹاف کین سے نوازا گیا۔ 69ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس جونیئر انڈر آفیسر محمد سلیمان اور 24ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی کورس انڈر آفیسر پاکیزہ یعقوب کو کمانڈنٹ کینز سے نوازا گیا۔