سکیورٹی فورسز کا خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع پشین میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن، 5 دہشت گرد گرفتار، خود کش جیکٹس سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد

ہفتہ 19 اکتوبر 2024 15:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2024ء) سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر 18 اکتوبر کو ضلع پشین میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 5 خوارج کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا جن میں 3 خودکش جیکٹس بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ضلع پشین میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کے دوران گرفتار کئے گئے خوارج متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کو بھی نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔

اس سے قبل 17 اکتوبر 2024 کو ضلع ژوب میں ایک اور آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 خوارج کو جہنم واصل کر دیا ۔ سکیورٹی فورسز کی طرف سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور بے گناہ شہریوں کو اس لعنت سے بچانے کے اپنے عزم پر ڈٹے ہوئے ہیں۔