وزیر اعلیٰ کسان کارڈ کاشتکاروں کی معاشی خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا،مریم اورنگزیب

پیر 21 اکتوبر 2024 22:18

وزیر اعلیٰ کسان کارڈ کاشتکاروں کی معاشی خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا،مریم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2024ء) سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی فعالیت اورانسداد سموگ اسکواڈ لانچ کردیا۔مریم اورنگزیب نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس تاریخی دن پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور سب کسانوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔وزیراعلیٰ مریم نواز کا سموگ لیس پنجاب کی جانب پنجاب کسان کارڈ کی فعالیت اورانسداد سموگ اسکواڈ ایک اہم تاریخی اقدام ہے۔

مریم نواز اقتصادی سطح پر تمام سیکٹرز کے افراد کے لیے اقتصادی مواقع فراہم کررہی ہیں۔پنجاب کسان کارڈ کا بنیادی مقصد اپنے کسان بھائیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔آج سے تین لاکھ کسان کھادوں،زرعی ادویات اور بیج کی خریداری کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

تاریخ میں پہلی دفعہ کاشتکاروں کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں،اس میں کسان مڈل مین اور قرض دینے والوں کے دبائو سے آزاد ہوجائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ مریم نواز شریف کے کسان دوست ویژن کے تحت پانچ لاکھ کاشتکار مستفید ہوسکیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے محکمہ زراعت نے بہت سے پیکجز متعارف کروائے ہیں۔ان سکیمز کی وجہ سے زرعی انقلاب کے خواب کو تقویت ملے گی اوریہ اقدام پنجاب میں کسان کے روشن مستقبل کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے اینٹی سموگ اسکواڈز کی گاڑیاں بھی دی جا رہی ہیں،مریم نواز کی ہدایت پر پہلی دفعہ انسداد سموگ کے لیے یہ اسکواڈزسموگ زدہ علاقوں میں جاکر کسانوں کو سموگ کے خاتمے کے لیے،فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگانے اور باقیات کی تلفی کے لیے سپرسیڈرز کے استعمال یا متبادل طریقہ کار اپنانے کے حوالے سے آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو وارننگزاور بروقت ایکشن بھی لیں گے۔

سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ فضائی آلودگی کاموجب بننے والے محرکات کے حوالے سے مریم نواز شریف کی زیرو ٹالرنس پالیسی کی ہدایت ہے۔اب تک چار لاکھ انیس ہزارکسان کارڈ جاری ہو چکے ہیں۔اس سے گندم کا بیج اورکھادیں وغیرہ ایک موبائل میسج سے نزدیک ترین مرکز سے دستیاب ہوسکیں گی۔مریم نواز وہ وزیراعلیٰ ہیں جو عمل پہلے اور لانچنگ بعد میں کرنے کی قائل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ بلا سود قرض دیاجا رہا ہے جو اپنی فصل کی فروخت پرکسان ادا کریں گے۔سموگ کی منظم طریقے سے پہلی دفعہ کیمپین بھی جاری ہے۔اس سکیم میں80 فیصد کسان ہیں جنہوں نے پہلی دفعہ قرض اپلائی کیا ہے۔انہیں تمام بلیک میلرز سے نجات ملی،مریم نوازشریف نے کسان کی دہلیز پر کھادیں،بیج اور زرعی آلات پہنچا دیئے ہیں۔چارلاکھ انیس ہزارکارڈز جاری ہوچکے ہیں۔

وزیراعلی کے کسان دوست وژن کے مطابق پہلے سال ساٹھ ہزار ٹریکٹرز دیئے جائیں گے جس کے لیے پندرہ ہزار رجسٹریشنز ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات کے مثبت اثرات آٹھ دس سالوں میں نظرآئیں گے۔تحفظ ماحول کو نصاب میں شامل کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے منظم طور پر ملٹی سیکٹورل لیول پر سموگ کے خلاف اعلان جنگ آج سے چھ ماہ قبل ہی کردیا تھا۔

کسانوں سے گزارش ہے کہ خدارا فصلوں کو آگ نہ لگائیں اس لیے کہ آپ فصلیں نہیں بلکہ اپنے بچوں کے پھیپھڑے جلا رہے ہیں۔اگر ہرفرد نے سموگ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا نہ کیا تو یقینا ًہم اپنی آنے والی نسلوں کے مجرم ہونگے۔جہاں بھی جس بھی قسم کا دھواں دیکھیں،فوری طور پر1373پررپورٹ کریں،ٹیمیں بروقت ایکشن لیں گی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ قوم کو 26 ویں ترمیم پر بھی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

پاکستان کے عوام کو 26 ویں ترمیم کے تحت میرٹ بیسڈ شفافیت پر مبنی انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔اس موقع پر صو بائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے۔وزیر اعلی کسان کارڈ خریداری کیلئے فعال کر دیئے گئے ہیں جو چھوٹے کاشتکاروں کیلئے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکار مڈل مین کے شکنجے سے نجات حاصل کر سکیں گے۔

اس کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو سالانہ150 ارب روپے کے بلا سود زرعی قرضہ جات فراہم کئے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے ذریعے 80 فیصد ایسے درخواست گزار ہیں جنہوں نے پہلی مرتبہ زرعی قرضہ وصول کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے زراعت اور کاشتکاروں کے نام پر اپنی سیاست چمکائی مگر موجودہ حکومت کسانوں کی خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

موجودہ حکومت نے مالی سال2024-25کے بجٹ میں زراعت کیلئے گزشتہ سال کی نسبت250 فیصد زیادہ بجٹ مختص کیا ہے۔اس کے علاوہ وزیر اعلی پنجاب سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت محکمہ زراعت نے پہلی بار سموگ پالیسی وضع کی ہے جس پر عملدرآمد جاری ہے،جس کے تحت سپر سیڈرز مہیا کئے جا رہے ہیں اور آج اینٹی سموگ سکواڈ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔اس سکواڈ کے افسران کو خصوصی اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔

یہ سکواڈ نہ صرف فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگانے سے متعلق آگاہی فراہم کریں گے بلکہ ایسے کسی بھی واقع میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں گے۔امسال صوبہ پنجاب میں دھان کے زیرکاشت66 لاکھ ایکڑ رقبہ لایا گیا تھا اوراب اس کی کٹائی کا عمل جاری ہے۔سموگ کنٹرول کیلئے متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھان کی کاشت کے علاقوں میں کل22 اینٹی سموگ سکواڈ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اور انہیں خصوصی گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جس سے یہ سکواڈ آئوٹ ریچ سرگرمیوں کو بہتر طور پر سر انجام دے گا اور سموگ کنٹرول میں معاون ثابت ہوگا۔اس کے علاوہ کسان کارڈ فعال ہونے سے کاشتکار گندم کے زرعی مداخل کی فوری خرید کرنے کے قابل ہوں گے اور مڈل مین کے استحصال سے بچ پائیں گے۔تقریب میں چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی زراعت ذوالفقار علی شاہ، پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری،صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود کے علاوہ محکمہ زراعت پنجاب و دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔