Live Updates

آئینی ترمیمی بل کیلئے میں نے کوئی ووٹ نہیں دیا

پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں اور رہوں گا، میرے خلاف بےبنیاد خبریں پھیلائی جارہی ہیں، پی ٹی آئی کے سنیٹرفیصل سلیم رحمان کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 21 اکتوبر 2024 20:12

آئینی ترمیمی بل کیلئے میں نے کوئی ووٹ نہیں دیا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر 2023ء ) پی ٹی آئی کے سنیٹرفیصل سلیم رحمان نے آئینی ترمیم میں ووٹ ڈالنے کے الزام کو یکسر مسترد کردیا، پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں، آئینی ترمیم کیلئے کوئی ووٹ نہیں دیا۔ ہم نیوز کے مطابق سنیٹرفیصل سلیم رحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میرے خلاف بےبنیاد خبریں پھیلائی جارہی ہیں، آئینی ترمیمی بل کیلئے میں نے کوئی ووٹ نہیں دیا، پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں اور رہوں گا، افواہوں کی بنیاد پر مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹرزرقا تیمور نے آئینی ترمیم میں ووٹ ڈالنے کے الزام کو مسترد کردیا، انہوں نے ایکس پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں اپنے الفاظ پر آج بھی قائم ہوں، کہنے والے کچھ بھی کہیں، وہ ٹی اسکرینیں ہوں، سوشل میڈیا ہو یا نام نہاد یوٹیوبرز ہوں، میں کل بھی خان کے ساتھ تھی آج بھی خان کے ساتھ ہوں، پاکستان اور خان ان پر جان بھی قربان، چند ٹکوں کی خاطر نہ پہلے کبھی جھکی نہ آج جھکوں گی، باقی میرے سینے میں جو راز دبے ہیں وہ دبے رہنے دیں، پھر کبھی وقت آنے پر انکو افشاں کروں گی، فل الوقت کے لئے آپ سب کا بہت شکریہ جنہوں نے میرے مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا، اور آپ سب کی کاوشوں سے آج میرا بیٹا گھر واپس آگیا۔

(جاری ہے)

میں نے نہ کوئی ڈیل کی، نہ کوئی ووٹ دیا ہے میرا گواہ صرف میرا اللہ ہے۔ یاد رہے سینیٹ کے بعد 26ویں آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی سے بھی دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظور ہو گیا، ۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ترمیم پیش کرنے کی تحریک پیش کی، تحریک کی منظوری کیلئے 225 اراکین اسمبلی نے ووٹ دیے جبکہ 12 ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

اس کے بعد ترمیم کی شق وار منظوری دی گئی، مبینہ طور پر تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 4 آزاد ارکین نے آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ دیا، عثمان علی، مبارک زیب خان، ظہورقریشی، اورنگزیب کھچی اور مسلم لیگ (ق) کے چوہدری الیاس نے ترامیم کے حق میں ووٹ دیا۔ حکمران اتحاد کے 215 میں سے 213 ارکان نے ووٹ کیا، عادل بازئی کے علاوہ اتحادی جماعتوں کے تمام ایم این ایز نے ووٹ دیا، اجلاس کی صدارت کے باعث اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنا ووٹ نہیں دیا، جے یو آئی (ف) کے 8 ارکان نے ووٹ دیا۔ بعد ازاں اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں 225 ووٹ دیے گئے۔
Live 26 ویں آئینی ترمیم سے متعلق تازہ ترین معلومات