اجتماعی شادیوں کے پروگرام ’’پنجاب دھی رانی‘‘کے لئے درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع

منگل 22 اکتوبر 2024 14:25

اجتماعی شادیوں کے  پروگرام ’’پنجاب دھی رانی‘‘کے لئے  درخواستوں کی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے اعلان کردہ اجتماعی شادیوں کےپروگرام ’’پنجاب دھی رانی ‘‘کے تحت درخواستوں کی وصولیوں کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں درخواستیں 5 نومبر تک وصول کی جائیں گی۔ریجنل ڈائریکٹوریٹ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے’’ اے پی پی ‘‘ کو بتایاکہ حکومت پنجاب کے مذکورہ پروگرام کا مقصد مستحق والدین کو ان کی سماجی و مذہبی،قانونی واخلاقی ذمہ داری عزت و وقار کے ساتھ پوری کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے تاکہ کوئی بیٹی ہاتھ پیلے ہونے سے نہ رہ سکے۔

انہوں نے بتایا کہ مکمل کوائف پر مبنی درخواستیں 5 نومبر تک آن لائن پورٹل cmp.punjab.gov.pkپریا متعلقہ ضلع کے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر آفس میں جمع کروائی جا سکتی ہیں نیز اس ضمن میں کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فری ہیلپ لائن نمبر1312 پربھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یتیم،بے سہارا،معذور،معذور افراد کی بیٹیاں جن کی عمر18 سے 40 سال کے درمیان ہودرخواست دینے کی اہل ہیں جبکہ درخواست دہندہ دلہن کا والد،والدہ یا سرپرست ہوسکتا ہے یا خود دلہن بھی درخواست دے سکتی ہے تاہم ان کا پنجاب کا رہائشی ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زیادہ درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں انتخاب شفاف الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ درخواست کے ساتھ غیر شادی شدہ ہونے اوراجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آمادگی کابیان حلفی جمع کروانا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے نئے شادی شدہ جوڑے کیلئے بینک آف پنجاب کے ذریعے ایک لاکھ روپے سلامی، شادی کی تقریب کا کھانا اور دلہن کو 2لاکھ 6 ہزارروپے مالیت کا جہیز دیا جائے گاجس میں قرآن پاک،جائے نماز، لکڑی کے ڈبل بیڈ کے ساتھ میٹرس،شیشہ،ڈنر سیٹ وغیرہ بھی شامل ہوں گے۔