ساہیوال ہسپتال میں آتشزدگی واقعے کی جوڈیشل انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست پر سماعت ملتوی

جمعرات 24 اکتوبر 2024 11:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے ساہیوال ہسپتال میں آتشزدگی واقعے کی جوڈیشل انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کے لیے دائر درخواست پر سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے سیکرٹری صحت پنجاب کو جواب داخل نہ کروانے پر آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج، جسٹس شجاعت علی خان نے جمعرات کو کیس کی سماعت کی ۔

درخواست گزار ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وکیل نوشاب اے خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور دلائل پیش کئے۔ دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے فریقین کی طرف سے جواب داخل کرنے کے لیے مہلت مانگی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے ڈاکٹرز کو ہراساں کرنے کے خلاف جاری حکم امتناعی میں توسیع کر دی۔