پولیو موذی مرض بچوں کی معذوری کا سبب بنتا ہے، اس سے بچائو کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

جمعرات 24 اکتوبر 2024 11:40

پولیو  موذی مرض  بچوں کی معذوری کا سبب بنتا ہے، اس سے بچائو کے لیے   سب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پولیو موذی مرض ہے جو بچوں کی معذوری کا سبب بنتا ہے،بچوں کو پولیو وائرس سے بچانے کےلئے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا ، اس کے کیسز میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ جمعرات کو انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر نے کہاکہ پولیو موذی مرض ہے جو بچوں کی معذوری کا سبب بنتا ہے اس کے کیسز میں اضافہ باعث تشویش ہے،اس مرض سے بچاؤ کےلئے بچوں کی ویکسی نیشن لازمی کروائیں ۔

انہوں نے کہاکہ بچے ہمارا مستقبل ہیں انہیں پولیو وائرس سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، دنیا کے جن چند ممالک میں پولیو وائرس باقی ہے بد قسمتی سے ان میں پاکستان بھی شامل ہے،اس وائرس سے بچائو کےلئے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ انسداد پولیو ویکسین کو گھر گھر پہنچانے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین اور ویکسی نیشن مہم کے دوران شہید ہونے والے ورکرز کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ۔ان کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو کے حوالے سے آگاہی مہم میں میڈیا کا کردار بھی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ پانچ سال تک کے تمام بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں۔\932