سوشل میڈیا کے استعمال پرپابندی ، سرکاری آفسران و اہلکاران نے حکومتی حکم ہوا میں اڑا دیا

جمعرات 24 اکتوبر 2024 16:39

سوشل میڈیا کے استعمال پرپابندی ، سرکاری آفسران و اہلکاران نے حکومتی ..
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2024ء) وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے جاری ہونے والے احکامات جن میں سرکاری ملازمین آفسران کا سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کا واضح نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا مگر حکومت کے دیگر احکامات کی طرح اس حکم نامے کو بھی سرکاری آفسران و اہلکاران نے ہوا میں اڑا دیا۔ سوشل میڈیا پر سرکاری محکمہ جات سمیت محکمہ پولیس آزاد کشمیر کے آفسران کے رقص کی تصاویر و ویڈیوز وائرل ہونے لگیں۔

محکمہ تعلیم، محکمہ پولیس اور ٹریفک پولیس آزاد کشمیر سب پر بازی لے گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے واضح احکامات کے بعد سرکاری سطح پر متعدد مرتبہ یہ نوٹیفکیشن جاری ہو چکے ہیں کہ کوئی بھی سرکاری محکمے سے تعلق رکھنے والا اہلکار یا آفیسر سوشل میڈیا کا استعمال نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کئی ایک دیگر احکامات جن میں سرکاری گاڑیوں کا بے دریغ استعمال، سرکاری دفاتر میں ہیٹر اور ایئر کنڈیشنڈ کا استعمال کے علاوہ سادگی اپنانے کی باتیں بھی ہوتی رہی ہیں مگر ان تمام احکامات کو سرکاری اداروں میں براجمان اہلکاران و آفسران نے پاؤں کے جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے سوشل میڈیا کو اپنی اور حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے ملنے والے احکامات کی تحقیر کا ذریعہ بنا رکھا ہے۔

گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ٹریفک پولیس آزاد کشمیر کے ایک آفیسر کی ویڈیو جس میں وہ رقص کرتے دکھائی دیتے ہیں خوب وائرل ہو رہی ہے۔ جس پر سوشل میڈیا صارفین بھانت بھانت کے کمنٹس کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ٹریفک پولیس آزاد کشمیر کے آفیسر کی رقص والی ویڈیو پر کئی ایک دلچسپ کمنٹس بھی کیے گئے ہیں جبکہ اہل قلم اور اہل سوچ نے تحریر کیا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ جب بھی کوئی مشکل گھڑی یا معمولی سا مسئلہ ہوتا ہے تو رینجرز اور پاکستانی فوج کو طلب کر لیا جاتا ہے۔

جس کی بنیادی وجہ یہی ہے۔ سیاسی سماجی مذہبی تجارتی عوامی علمی ادبی حلقوں کے اکابرین سمیت سول سوسائٹی کے زعماء نے وزیراعظم ازاد کشمیر و دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صرف صحافیوں اور آزاد صحافت پر قدغن لگانے کے بجائے سرکاری محکموں کے لیے جاری ہونے والے احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کوشش کریں۔