پنجاب حکومت نے صوبہ میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ پرگندم کاشت کرنے کا ہدف مقرر کر لیا

جمعہ 25 اکتوبر 2024 16:12

پنجاب حکومت نے صوبہ میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ پرگندم کاشت کرنے کا ہدف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2024ء) پنجاب حکومت نے صوبہ میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ پرگندم کاشت کرنے کا ہدف مقرر کر لیا۔ محکمہ زراعت کے حکام نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 14 لاکھ 91 ہزار ایکڑ، سرگودھا 17 لاکھ 40 ہزار، فیصل آباد ڈویژن میں 18 لاکھ 87 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کرنے کا ہدف ہے۔گجرات ڈویژن میں 12 لاکھ 51 ہزار ایکڑ، گوجرانوالہ 11 لاکھ 53 ہزار ایکڑ، لاہور میں 13 لاکھ 33 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں نو لاکھ 20 ہزار ایکڑ، ملتان ڈویژن 18 لاکھ 20 ہزار، بہاولپور 26 لاکھ 11 ہزار ایکڑ جبکہ ڈی جی خان ڈویژن میں 22لاکھ 94 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ہدف ہے۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ گندم کی کاشت کے سلسلے میں کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اورمحکمہ زراعت گندم کی بوائی کیلئے کسانوں کو مکمل تعاون اوررہنمائی فراہم کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گندم بوائی مہم کے دوران محکمہ زراعت کے افسران اپنی تمام تر توجہ مقررہ اہداف کے حصول پر مرکوز رکھیں،زرعی شعبہ کی بہتری حکومت کی ترجیح ہے۔سیکرٹری زراعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ گندم بوائی مہم یکم تا 30 نومبر جاری رہے گی،مانیٹرنگ کیلئے صوبے، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی مداخل کی خریداری میں سہولت کیلئے کاشتکاروں کو کسان کارڈمہیا کئے گئے ہیں، کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکار صوبہ بھر میں رجسٹرڈ ڈیلرز سے گندم کی فصل کیلئے بلاسود قرضہ پر زرعی مداخل خرید سکیں گے۔کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، محکمہ زراعت کے افسران اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔