سرینگر،بھارتی فوجی چھاپوں کے دوران نہتے کشمیریوں کو ہراساں اورخوف ودہشت کا نشانہ بنارہے ہیں

جمعہ 15 نومبر 2024 15:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں بھارتی فورسز کے اہلکار مختلف علاقوں میں مسلسل محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران نہتے کشمیریوں کو ہراساں اور انہیں خوف و دہشت کا نشانہ بنانے کے علاوہ دھمکیاں دے رہے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ بدنام زمانہ تحقیقاتی دارے این آئی اے اور ایس آئی اے کے اہلکار سرینگر، کپواڑہ، ہندواڑہ، سوپور، ٹنگمرگ، پٹن،بیروہ، کنگن، بانڈی پورہ، سوناواری، حاجن، ترال، بجبہاڑہ، کوکرناگ، یاری پورہ، شوپیاں، کشتواڑ، ڈوڈہ، راجوری، پونچھ اور کٹھوعہ کے مختلف علاقوں میں نام نہاد کارروائیوں اورگھروں پر چھاپوں کے دوران مکینوں کو ہراساں اور گھر یلوں سامان اورقیمتی اشیا کی لوٹ مار کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

کشمیری صحافیوں کو مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال دنیا کے سامنے لانے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے بلکہ قابض انتظامیہ انہیں جموں وکشمیر میں صورتحال معمول پر آنے کی جھوٹی اور من گھڑت خبریں دنیا کے سامنے پیش کرنے پر مجبور کرتی ہے۔سرکاری پالیسی پر عمل نہ کرنے پربھارتی فوج اور پولیس صحافیوں کوباربار فوجی کیمپوں اور تھانوں میں طلب کرتی ہے۔کشمیریوں کو بھارتی فوج اور پولیس کے مخبر بننے اورمقبوضہ علاقے میں ہندوتوا بی جے پی اورآر ایس ایس کے ایجنڈے کی حمایت کرنے پر مجبور کیا جا تا ہے۔