پنجاب یونیورسٹی لائبریری کے زیر اہتمام کتابوں پر تعارفی پروگرام کا انعقاد

جمعہ 15 نومبر 2024 20:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2024ء) پنجاب یونیورسٹی لائبریری بک کلب کے زیر اہتمام مطالعے کی عادات کو فروغ دینے کیلئے دوتصانیف پر تعارفی پروگرام کا انعقاد کیا گیاجس میں یوول نوح ہراری کی انگریزی کتاب ’ نیکسسز‘ اور اردوکیلئے ڈاکٹر غافر شہزاد کا ناول ’موکش‘ کو منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی، انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہ زیب خان، فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے بڑی میں شرکت کی ۔

ڈاکٹر شاہ زیب خان نے انگریزی تصنیف ’نیکسز‘ بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے عالمی چیلنجز کی سوچ کو ابھارنے والی تحقیق ہے۔ انہوں نے عصری مسائل کے بارے میں ہراری کے تجزیے پر روشنی ڈالی اور کتاب کے اہم موضوعات جیسے ٹیکنالوجی، معاشرت اور اخلاقیات پر اپنی ماہرانہ رائے پیش کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی نے اردو ناول کے بیانیہ کے اسلوب اور موضوعاتی پیچیدگیوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے انسانی وجود اور باطنی آزادی کے بارے میں مصنف کی فلسفیانہ تحقیق پر روشنی ڈالی۔

بعدازاں، منتظمین نے یونیورسٹی کمیونٹی میں پڑھنے اور تنقیدی سوچ کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔پنجاب یونیورسٹی لائبریری بک کلب دانشورانہ خیالات کے تبادلے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے۔