اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون، 7 ملزمان گرفتار

بدھ 20 نومبر 2024 14:19

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2024ء) اے این ایف نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 6 کارروائیوں میں 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری 24 گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ان کارروائیوں میں 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 83.3 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں ۔

ہری پور میں کے کے ایچ روڈ پر ملزم سے 1.200 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ۔دیگر کارروائیوں میں پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 2 کلوگرام ہیروئن اور 1 کلو گرام آئس برآمد کی گئی ۔

(جاری ہے)

راوی ٹول پلازہ لاہور کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 43.200 کلو گرام چرس اور 16.800 کلو گرام افیون برآمدکرکے ایک ملزم گرفتار کیا گیا ۔

کوٹ مومن سرگودھا کے قریب ملزم کے قبضے سے 13.200 کلو گرام چرس برآمدکی گئی ۔ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر دو ملزمان سے مجموعی طور پر 4.600 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور روڈ پر ملزم سے 1.300 کلوگرام آئس برآمد کی گئی ۔ ترجمان اے این ایف نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔