موسمیاتی تبدیلیاں دنیا بھر کیلئے چیلنج،ترقی پذیر ممالک کو زیادہ اقدامات کی ضرور ت ہے، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان

جمعرات 21 نومبر 2024 17:09

موسمیاتی تبدیلیاں دنیا بھر کیلئے چیلنج،ترقی پذیر ممالک کو زیادہ اقدامات ..
باکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2024ء) وفاقی وزیر مواصلات،نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں دنیا بھر کیلئے چیلنج،ترقی پذیر ممالک کو زیادہ اقدامات کی ضرور ت ہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو باکو میں کوپ29کے سیشن’’ ڈیجیٹل مڈل کوریڈور اینڈ بیانڈاور منسٹریل راؤنڈ ٹیبل کانفرنس‘‘ میں شرکت کے دوران کیا۔

منسٹریل راؤنڈ ٹیبل نشست سے آذربائیجان کے وزیر ٹرانسپورٹ راشد نبی اوف نے افتتاحی خطاب کیا ۔منسٹریل راؤنڈ ٹیبل نشست میں شریک ممالک کے وزراء صاحبان کی طرف سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا پاکستان کی طرف سے باکو میں اس فورم کے انعقاد کا خیر مقدم کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایسے اقدام فیصلہ سازی،تجربات سے مستفید اور دیرپا پالیسیوں میں معاون ہوتے ہیں ،ڈیجیٹل مڈل کوریڈور اینڈ بیانڈ موجودہ تقاضو ں سے ہم آہنگ ہونے کا ذریعہ ہے، پاکستان دیگر ملکوں کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر اس شعبے میں تیزی سے آگے جائیگا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ذرائع آمدورفت میں گرین ٹیکنالوجی کا فروغ اور دھواں کم کرنا اہم ترین تقاضا ہے،ٹرانسپورٹ کوریڈور ز کی ڈیجیٹلائزیشن جیسی جدید ٹیکنالوجی کا اجراء خوش آئند ہے،مستقبل میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور آٹو میشن کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ متاثر کن اور قابل تقلید ہے،تیز تر ترقی اور حفاظت کیلئے ٹرانسپورٹ کے انٹرنیشنل روٹس کو زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹلائز کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کاپاکستان کی طرف سے ٹرانسپورٹ کی ڈیجیٹلائزیشن میں بھرپور شرکت کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ باکو،آذربائیجان میں خطے کے دیگر ممالک کے وزراء اور مندوبین کا خیر مقدم کرتے ہیں، اس فورم سے مثبت اور قابل عمل تجاویز کے ساتھ پاکستان واپس جائیں گے۔