ریاض میٹرو چلنے کیلئے تیار‘ ٹکٹوں کی قیمت بتادی گئی

ریاض میٹرو یکم دسمبر سے عوام کے استعمال کے لیے دستیاب ہوگی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 نومبر 2024 15:34

ریاض میٹرو چلنے کیلئے تیار‘ ٹکٹوں کی قیمت بتادی گئی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 نومبر2024ء ) سعودی عرب کے دارالخلافہ میں ریاض میٹرو چلنے کیلئے تیار ہے جس میں سفر کیلئے ٹکٹوں کی قیمت بتادی گئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق ریاض میٹرو کے کی قیمت ٹکٹ 4 ریال سے شروع ہوکر 140 ریال تک رکھی گئی ہے، ریاض میٹرو میں سفر کے لیے دو گھنٹے کی مدت کے لیے ٹکٹ کی قیمت 4 ریال ہے، 3 دن کے لیے ٹکٹ 20 ریال میں ملے گا، 7 دن کیلئے 40 اور 30 دن کے لیے 140 ریال میں ٹکٹ حاصل کیا جاسکے گا۔

بتایا گیا ہے کہ چھ برس سے کم عمر بچوں کے لیے ٹکٹ کی ضرورت نہیں ہوگی، ریاض میٹرو سروس کے لیے ٹکٹ ’درب ‘ ایپ کے ذریعے حاصل کیے جاسکتے ہیں جوسمارٹ فون پر دستیاب ہیں، مزید معلومات مرکزی نمبر 19933 پر دستیاب ہیں یا ریاض میٹرو سروس کی ویب سائٹ سے بھی مکمل تفصیلات کا حاصول ممکن ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ ریاض میٹرو یکم دسمبر سے عوام کے استعمال کےلیے دستیاب ہوگی، یہ سروس روزانہ صبح 6 بجے سے آدھی رات تک چلے گی، ریاض میٹرو کے 6 ٹریکس ہیں جن کی مجموعی لمبائی 176 کلو میٹر ہے، سٹیشنز کی تعداد 85 ہے جن میں 4 مرکزی سٹیشنز شامل ہیں، میٹرو سروس کے مجموعی طورپر 6 ٹریک میں سے پہلے مرحلے میں 3 ٹریکس کا افتتاح کیا گیا ہے، ’بلو لائن‘ شارع العلیا سے البطحا، ’یلو لائن‘ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ’پرپل لائن‘ عبدالرحمان بن عوف روڈ سے شیخ حسن بن حسین روڈ کے لیے چلے گی، جس کا آغاز اتوار یکم دسمبر سے ہوگا۔

معلوم ہوا ہے کہ15 دسمبر کو مزید تین ٹریکس کو کھول دیا جائے گا جن میں ’ریڈ لائن‘ شاہ عبداللہ روڈ، ’گرین لائن‘ شاہ عبدالعزیز روڈ شامل ہیں اس کے علاوہ ’اورنج لائن‘ پر سروس کا آغاز 5 جنوری 2025ء سے کیا جائے گا جو مدینہ منورہ شاہراہ کے لیے سفری سہولت فراہم کرے گی۔