Live Updates

تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پولیس نے بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے

ملزمان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس سپیشل ٹیمیں تشکیل دے گی، شیخ وقاص اکرم، عمر ایوب، شیر افضل مروت کے نام بھی لسٹ میں شامل ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 4 دسمبر 2024 12:16

تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پولیس نے بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور ..
اسلا م آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 دسمبر 2024) اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے،ملزمان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس سپیشل ٹیمیں تشکیل دے گی، پی ٹی آئی کے دیگر رہنماﺅں شیخ وقاص اکرم، عمر ایوب، شیر افضل مروت کے بھی وارنٹ گرفتاری حاصل کئے گئے ہیں ۔

بتایا گیا ہے کہ تھانہ کوہسار میں 24 نومبر کے احتجاج کے مقدمے میں پیشرفت ہوئی ہے۔پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ، سیمابیہ طاہر، شعیب شاہین، علی بخاری کا بھی نام بھی لسٹ میں شامل ہے۔تھانہ کوہسار پولیس کی جانب سے مقدمہ نمبر 1 ہزار 32 میں 96 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج پر بانی پی ٹی آئی عمران خان، بشریٰ بی بی اور بیرسٹر گوہر سمیت 96 دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین، مراد سعید، عمر ایوب، شیر افضل مروت، فیصل جاوید، علی بخاری، عامر مغل کے بھی وارنٹ حاصل کئے تھے۔عدالت کی جانب سے زلفی بخاری، سلمان اکرم راجہ، رو¿ف حسن،علی زمان، پیر مصور ،میاں خلیق الرحمان، سہیل آفریدی ،شہرام خان ترکئی،بریگیڈیر (ر) مشتاق اللہ ، میجر (ر) راشد ٹیپو کے بھی وارنٹ جاری کئے گئے تھے۔

قبل ازیں جی ایچ کیو حملہ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے۔انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی تھی۔ عدالت نے راجہ بشارت، زرتاج گل، بلال اعجاز سمیت دیگر 46 ملزمان کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے۔سپیشل پراسیکیوٹر نے ملزمان کی غیر حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔عدالت نے غیر حاضری پر علی امین کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے عدالت پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات