کزن کو قتل کرنے کے بعد انگوٹھا کاٹ کر اے ٹی ایم سے 10لاکھ روپے نکال لیے گئے

ملزمان نے مزید رقم نکلوانے کے لیے انگوٹھا اپنے پاس ہی رکھ لیا، لاش نہر میں پھینکنے جارہے تھے کہ پولیس نے پکڑلیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 دسمبر 2024 12:32

کزن  کو قتل کرنے کے بعد انگوٹھا کاٹ کر اے ٹی ایم سے 10لاکھ روپے نکال لیے ..
شیخوپورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 دسمبر 2024ء ) صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں ملزمان نے رقم کی لالچ میں خالہ زاد بھائی کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول یاسین فیصل آباد کا رہائشی تھا جس کو اس کے کزن نے وہاں سے بلایا اور اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر قتل کردیا، ملزمان کی جانب سے مقتول کا انگوٹھا کاٹ کر اے ٹی ایم میں جاکر اس کے اکاؤنٹ سے 10 لاکھ روپے کی رقم بھی نکال لی گئی اور باقی رقم نکلوانے کے لیے انگوٹھا اپنے پاس ہی رکھ لیا۔

بتایا گیا ہے کہ یہ معاملے اس وقت سامنے آیا جب شیخوپورہ کے تھانہ ہاوسنگ کالونی پولیس نے مشکوک گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی تو گاڑی سے بوری بند نوجوان کی لاش برآمد ہوئی، تفتیش پر پتا چلا کہ ملزمان مقتول یاسین کی لاش ڈگی میں رکھ کر نہر میں پھینکنے جا رہے تھے کہ اس دوران پکڑے گئے، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد کیس سے متعلق مزید تفتیش شروع کردی۔

(جاری ہے)

حال ہی میں پیسوں کی لالچ میں قتل کے ایک اور واقعے میں کراچی ک علاقہ بلدیہ قائم خانی کالونی میں ناخلف بیٹے نے سوئے ہوئے والد کو سفاکی سے قتل کردیا تھا، بلدیہ قائم خانی کالونی میں گھر سے ملنے والی تشدد لاش کی شناخت محمد عمر کے نام سے ہوئی، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔ بتایا گیا تھا کہ محمد عمر کی ہالا میں آبائی زمین بیٹا احمد رضا بیچ کر حصے کی رقم مانگ رہا تھا، اس معاملے پر محمد عمر اور بیٹے احمد رضا کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور رات گئے بیٹے نے سوئے ہوئے والد کے سر پر بلاک مار دیا، جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور ملزم وقوعہ سے فرار ہوگیا، اتحاد ٹاؤن پولیس نے مقتول کے بڑے بیٹے علی رضا کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔