تیسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان کا زمبابوے کو جیت کے لیے 133 رنز کا ہدف

سلمان علی آغا کے 32 رنز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 دسمبر 2024 18:01

تیسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان کا زمبابوے کو جیت کے لیے 133 رنز کا ہدف
بلاوایو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 دسمبر 2024ء ) تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 133 رنز کا ہدف دیا ہے۔ بلاوائیو میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ قاسم اکرم 20، عباس آفریدی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

عثمان خان 5، صاحبزادہ فرحان 4 اور عمیر بن یوسف 0 رن پر پویلین لوٹے۔ عرفات منہاس 22 اور جہانداد خان 6 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔ 
زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزرابانی نے 2 جبکہ رائن برل، ویلنگٹن ماساکاڈزا، رچرڈ نگاروا اور ٹینوٹینڈا میپوسا نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ 
سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی کیلئے پاکستان ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سیریز کے پہلے 2 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے صائم ایوب ، عرفان خان، حارث رؤف اور ابرار احمد کو آخری میچ کیلئے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ ان کی جگہ صاحبزادہ فرحان، قاسم اکرم ،عرفات منہاس اور محمد حسنین کو ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ زمبابوے کیخلاف آخری ٹی ٹونٹی کیلئے پاکستان ٹیم میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان،عمیر بن یوسف، عثمان خان، طیب طاہر، قاسم اکرم ، عرفات منہاس، جہانداد خان، عباس آفریدی، محمد حسنین اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ گزشتہ روز سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی جب کہ قومی ٹیم کی تباہ کن باؤلنگ کے نتیجے میں پہلے بیٹنگ کرنے والی میزبان ٹیم صرف 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ قومی ٹیم کی جانب سے سفیان مقیم نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 3 رنز دے کر 5 شکار کیے تھے، یہ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی مختصر ترین طرز کی کرکٹ میں سب سے بہترین کارکردگی تھی۔