مری اور گلیات میں شدید برفباری سے متعلق الرٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ممکنہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر پیشگی عملی اقدامات کا آغاز کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 جنوری 2025 00:39

مری اور گلیات میں شدید برفباری سے متعلق الرٹ جاری
مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جنوری2025ء) مری اور گلیات میں شدید برفباری سے متعلق الرٹ جاری، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ممکنہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر پیشگی عملی اقدامات کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے سیاحوں کیلئے سب سے پسندیدہ سیاحتی مقامات مری اور گلیات میں شدید برفباری شروع ہونے کے دن قریب آ گئے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مری، گلیات اور قرب وجوار میں بارش و برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس حوالے سے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 6 جنوری تک مری و گرد و نواح میں برفباری کے امکانات ہیں، سیاحوں کی سہولتوں کے لیے 13 فسیلیٹیشن سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔ کسی بھی ناگہانی آفت سے بچنے کے لیے انتظامیہ 24 گھنٹے الرٹ ہے، سیاحوں سے گزارش ہے کہ سفر سے پہلے موسم کی صورتِ حال کا جائزہ لیں۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سیاحوں کی رہنمائی اور تحفظ کے لیے موجود رہے گی، ایمرجنسی کی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارشیں اور برفباری ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی تفصیلی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار سمیت شمالی/مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ اس دوران شام/رات کے اوقات میں بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر درمیانی سے شدید بارش/برف باری بھی متوقع ہے جبکہ پنجاب کے زیادہ تر میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا ہے جو 6 جنوری تک ملک کے کئی علاقوں میں بارشوں کا باعث بنے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہونے کا امکان ہے۔