پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو وزیراعلی کے پی کیخلاف کارروائی سے روک دیا

ْعدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے علی امین گنڈا پور کو بھیجا گیا 20 نومبر کا نوٹس بھی معطل کر دیا

بدھ 8 جنوری 2025 20:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء)پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو بھیجا گیا 20 نومبر کا نوٹس معطل کر دیا۔الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کی درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فہیم ولی نے کی۔

(جاری ہے)

وکیل درخواست گزارکے مطابق الیکشن کمیشن نے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کو اثاثوں سے متعلق نوٹس جاری کیا، پہلے بھی الیکشن کمیشن نے ایسا ہی نوٹس جاری کیا تھا جس کوعدالت نے معطل کیا تھا۔

جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا ایک بار عدالت نے نوٹس معطل کیا تو پھر کیسے الیکشن کمیشن نے دوبارہ نوٹس بھیجا آپ کو چاہیے تھا کہ توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے۔درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا پرانے نوٹس اور موجودہ نوٹس میں فرق ہے۔عدالت نے الیکشن کمیشن کا 20 نومبر کو وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو جاری کیا گیا نوٹس معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے خلاف کارروائی سے روک دیا اور کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔