Live Updates

26 نومبر احتجاج ، بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی 3 درخواستیں مسترد

بشری بی بی کے وکیل خالد یوسف چوہدری کی استثنیٰ کی درخواست دائر، آپ نے ابھی تک ضمانتی مچلکے ہی جمع نہیں کرائے؟، عدالت کے حکم پر آپ عمل درآمد ہی نہیں کر رہے، جج محمد افضل مجوکہ کے ریمارکس

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 13 جنوری 2025 12:00

26 نومبر احتجاج ، بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی 3 درخواستیں مسترد
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری 2025)اسلام آباد کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی 3 درخواستیں مسترد کردیں ، سیشن کورٹ اسلام آباد میں بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، پراسیکیوٹر اقبال کاکڑ اور وکیل صفائی خالد یوسف چودھری عدالت پیش ہوئے۔

بشری بی بی کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔پراسیکیوٹر اقبال کاکڑ نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے اپنے ضمانتی مچلکے ہی جمع نہیں کرائے۔جج افضل مجوکہ نے وکیل صفائی سے استفسار کیا کہ آپ نے ابھی تک ضمانتی مچلکے ہی جمع نہیں کرائے؟ جس پر وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا کہ آج 190 ملین پاونڈ ریفرنس کا فیصلہ ہے، بشری ٰبی بی نے اڈیالہ جیل جانا ہے۔

(جاری ہے)

جج محمد افضل مجوکہ نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت خارج کرنے کا حکم دیا۔ جج نے کہا کہ عدالت کے حکم پر آپ عمل درآمد ہی نہیں کر رہے، آپ کی عبوری ضمانت کی 3 درخواستیں خارج کی جاتی ہیں۔تھانہ رمنا میں درج مقدمہ میں عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضما نت 23 جنوری تک منظور کر لی۔عدالت نے بشریٰ بی بی کی آج تک کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔ بشریٰ بی بی کے خلاف 26 نومبر کو احتجاج کے تناظر میں یہ مقدمات درج کئے گئے تھے۔

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر 26 نومبر احتجاج پر تھانہ ترنول میں 2 اور تھانہ رمنا میں ایک مقدمہ درج ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کے وکیل کی عدم حاضری پر عدالت کا سخت برہمی کا اظہارکیا تھا۔عدالت نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کے وکیل آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو حق جرح ختم کردیں گے۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکلاء کی جانب سے آئندہ سماعت پرگواہ پر جرح مکمل نہ کرنے پر تادیبی کارروائی کی ہدایت کی تھی۔ استغاثہ کے گواہ محمداحمد پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوثین مفتی نے جرح مکمل کی تھی۔اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی تھی۔

عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ بشریٰ بی بی اور ان کے وکیل آج عدالت پیش نہ ہو ئے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔سماعت کے دوران چوتھے گواہ کیبنٹ ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینیشن محمد احد پر جرح مکمل کر لی گئی تھی۔ جرح بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے کی تھی۔ سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ طلعت کا بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مجموعی طور پر مزید 5گواہ طلب کرلئے تھے۔بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت منگل 14جنوری تک ملتوی کردی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات