Live Updates

اقتدار ملنے کے باوجود حکمران ہار چکے ،پابند سلاسل رکھا گیا لیڈر عمران خان جیت چکا ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

بانی پی ٹی آئی پر عزم ہیں ظلم ،جبر کی رات نے جتنا طویل ہونا تھا ہو چکی ،بہت جلد سویرا ہوگا ‘ انسداد دہشتگرعی عدالت کے باہر گفتگو اس سال چونتیس فیصد کپاس کم پیدا ہوئی ،جس کا مطلب ہے چار ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کم ہونگی‘ سابق معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ

منگل 14 جنوری 2025 12:13

اقتدار ملنے کے باوجود حکمران ہار چکے ،پابند سلاسل رکھا گیا لیڈر عمران ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2025ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جب بھی جیل میں ملاقات ہوتی ہے ان کی زبان پر پہلا سوال عوام اور کارکنان کے بارے میں ہوتا ہے ،عمران خان کہتے ہیں ہمارے کارکنان نے بڑی قربانیاں دی ہیں ، وہ شہداء کی فیملیوں اور زخمی کارکنوں کے بارے میں دریافت کرتے ہیں ،بانی پی ٹی آئی پر عزم ہیں کہ ظلم اور جبر کی رات نے جتنا طویل ہونا تھا وہ ہو چکی ہے اب ان شا اللہ بہت جلد سویرا ہوگا اور آنے والا وقت پاکستان اور عوام کا ہے ۔

جمشید اقبال چیمہ کے ہمراہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کی سیاست اورپاکستان کی معیشت کا چڑھتا سورج ہیں ،ملک کی ڈوبتی کشتی اور مسائل کی وجہ سے بد حال عوام کو وہی سنبھالیں گے ،پاکستان کی سیاست اور معیشت کبھی بھی عمران خان کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے پچیس کروڑ عوام کی زندگیاں بیوقوفوں اورنالائقوں کے ٹولے کے حوالے کی گئی ہیں، یہ ٹولہ خود پسندی کا شکار ہے ، انہوں نے اپنے دماغ کے اندر تصوراتی دنیا بنائی ہوئی ہے جس سے باہر نہیں نکلتے ۔ انہوں نے بارہ کروڑ غریب عوام کے صوبے کی وزیراعلیٰ غیر ملکی ڈیز ائنر کا بنایا ہوا لاکھوں روپے کا جوڑا پہنتی ہیں اور پھر مصنوعی طریقے سے خود کو عوام سے جوڑنے کی ناکام کوشش بھی کرتی ہیں۔

ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ عوام اب با شعور ہو چکے ہیں ،آپ لوگ عقل سے کام لو اور عوام کے جو حقیقی مسائل ہیں ان کو سمجھو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پر مسلط خاندان کے پاس لوٹی ہوئی بے شمار دولت ہے ، اس خاندان نے اوور ٹائم لگا کر اس ملک کو لوٹا ہے ،جب کرپشن سے پیٹ نہیں بھرا تو عوام کے مینڈیٹ پربھی شب خون مارا گیا ،جس طرح کھلی دھاندلی کے ناچ اورسر عام فارم 47 کے ذریعے عوام کے جذبات اور ووٹ کو مجروح کیا گیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔

یہ سب کچھ کرنے اور اقتدار ملنے کے باوجود آپ ہار چکے ہیں اور بانی پی ٹی آئی جنہیں پابند سلا سل رکھا گیا ہے وہ جیت چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کو پیغام ہے کہ بانی پی ٹی آئی ایک دن کے لئے پریشان نہیں ہوئے بلکہ وہ ملاقات کرنے والے رہنمائوں کو حوصلہ دے کر بیجتے ہیں کہ عوام کو خوشخبری دیں پاکستان کے عوام کو بتائیں وہ جیت چکے ہیں ،جیت ان کا مقدر ہے ،فتح ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے جو ہو چکی ہے ۔

سابق معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ گزشتہ سال لارج سکیل مینو فیکچرننگ چھ فیصد پیچھے گئی اور اس سال بھی یہی رجحان ہے ،آپ کہتے ہیں کنسٹرکشن انڈسٹری بوسٹ کر رہی جبکہ سیمنٹ کی پانچ مہینوں میں بارہ فیصد کم فروخت ہوئی ہے جبکہ ایکسپورٹ میں ستائیس فیصد اضافہ ہوا ہے ، ہم زراعت کی بات کریں تو اس سال چونتیس فیصد کپاس کم پیدا ہوئی ہے جس کا مطلب ہے کہ چار ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کم ہوں گی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات