Live Updates

علی امین گنڈا پور کو 3 ہفتوں تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم

ایڈووکیٹ جنرل اور وکلاء نے عدالت میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 16 جنوری 2025 10:48

علی امین گنڈا پور کو 3 ہفتوں تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری 2025)پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کو 3 ہفتوں تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا،چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، علی امین گنڈاپور کے وکلاء اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت میں دلائل دیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخواہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپورسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں مذاکراتی میٹنگ کےلئے گئے ہیں، وہ پیش نہیں ہوسکتے اس لئے استثنیٰ کی درخواست دائرکی ہے۔ پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور کی 3 ہفتوں تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

عدالت نے درخواست گزار کو کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی پر احتجاج کے کیس میں عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دیا تھا۔اے ٹی سی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماوں کے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی پر احتجاج کے کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما ءفیصل جاوید ،واثق قیوم عدالت میں پیش ہوئے تھے۔سماعت کے دوران عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا جب کہ عامر کیانی کے خلاف اشتہاری قرار دینے کا پراسس شروع کیا گیاتھا۔پی ٹی آئی رہنماءفیصل جاوید کی طرف سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کیلئے درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔

عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی اور درخواستوں پر دلائل طلب کر لئے تھے۔ قبل ازیں بھی پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو 16 جنوری تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس وقار احمد نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تھی۔

دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی تھی جس کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد میں 32 اور پنجاب میں 33 مقدمات درج تھے۔عدالت نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو 16 جنوری تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی بھی ہدایت کی تھی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات