70 سالہ بزرگ خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا دیے جانے کا انکشاف

لاہور پولیس نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا، ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کر دیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 17 جنوری 2025 00:25

70 سالہ بزرگ خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا دیے جانے کا انکشاف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2025ء) 70 سالہ بزرگ خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا دیے جانے کا انکشاف، لاہور پولیس نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا، ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سٹی 42 نیوز کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ لاہور کے علاقے دھرم پورہ میں ایک 70 سالہ بزرگ خاتون کو ناصرف مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا دیا گیا، ساتھ ساتھ متاثرہ خاتون کو لوٹ بھی لیا گیا۔

لاہور پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی مدعیت میں تھانہ مصطفی آباد میں 2نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق سیکیورٹی گارڈ کے یونیفارم میں ملبوس شخص نے خاتون کو تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

خاتون رکشہ میں سوار ہوکر جارہی تھی کہ گارڈ کی وردی میں ملبوس شخص نے چیکنگ کے بہانے روکا اور پھر ملزم نے ریلوے پھاٹک کے قریب لے جا کر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

ایف آئی آر کے مطابق خاتون سے مبینہ زیادتی کے دوسرے ملزم کی عمر 26 سال کے لگ بھگ ہے ۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کے مطابق ملزمان نے خاتون سے 70 ہزار روپے کی رقم بھی چھین لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں خواتین کیخلاف ہونے والے پرتشدد واقعات میں تشویش ناک اضافہ ہوا ہے۔

پنجاب میں خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ سال 2023 کی نسبت 2024 میں تیزاب گردی کے 31 کیسز زیادہ رپورٹ ہوئے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق 2024میں خواتین پر تیزاب پھینکنے کے 92 مقدمات درج کئے گئے،تیزاب گردی کے 58 مقدمات کا چالان مکمل ہوا ، 17 خارج کر دئیے گئے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق تیزاب گردی کے واقعات میں 185 ملزمان ملوث پائے گئے،خواتین پر تیزاب پھینکنے والے 58 ملزمان کو پولیس گرفتار نہ کر سکی،تیزاب گردی کے مقدمات میں مطلوب 127 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔تیزاب گردی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔