Live Updates

این سی اے معاہدے میں کہیں نہیں لکھا کہ رقم ریاست پاکستان کو ملنی چاہیئے؟

190ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کو چیلنج کریں گے، عوام کی عدالت میں بھی جائیں گے، ملک میں تحفظ آئین کی خاطر جلد ایک تحریک کا آغاز کریں گے، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 جنوری 2025 23:05

این سی اے معاہدے میں کہیں نہیں لکھا کہ رقم ریاست پاکستان کو ملنی چاہیئے؟
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 جنوری 2025) سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ این سی اے معاہدے میں کہیں نہیں لکھا کہ رقم ریاست پاکستان کو ملنی چاہیئے؟ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کو چیلنج کریں گے، ملک میں تحفظ آئین کی خاطر جلد ایک تحریک کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے پر مجھے حیرانی نہیں ہوئی لیکن یہ فیصلہ بہت بڑا مذاق ہے، بیانیہ بنایا گیا کہ یہ رقم حکومت پاکستان کے خرانے میں آنی تھی لیکن عمران خان نے اپنے فائدے کیلئے رقم کو سپریم کورٹ کے خزانے میں جمع کرا دیا، بانی نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔

برطانیہ کی کسی عدالت نے نہیں کہا کہ یہ رقم ریاست پاکستان کی رقم ہے، وہاں این سی اے ایک تفتیشی ادارہ ہے، کابینہ میں یہ معاملا 3 دسمبر 2019 میں آیا، تو رقم کی ترسیل سے اس پہلے ہونا شروع ہوچکی تھی، 102 ملین پاؤنڈ پاکستان آچکے تھے، یہ رقم براہ راست ملک ریاض فیملی کے اکاؤنٹ سے آئی، پاکستان میں رقم کی منتقلی میں حکومت کا کوئی عمل دخل ہی نہیں تھا، رقم برطانوی قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آرہی تھی۔

(جاری ہے)

پورے کیس کا ایک ہی پوائنٹ ہے کہ کیا رقم ریاست پاکستان کی ملکیت تھی؟ این سی اے معاہدے میں کہیں نہیں لکھا کہ رقم ریاست پاکستان کو ملنی چاہیئے؟ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آج شاہد خاقان عباسی کی رہائشگاہ پر اچھی ملاقات ہوئی، فیصلہ ہوا کہ ملک میں تحفظ آئین کی خاطر جلد ایک تحریک کا آغاز کریں گے۔

اسی طرح پی ٹی آئی رہنماء اور وکیل بانی پی ٹی آئی فیصل چوہدری نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ڈیل لینے سے انکار کیا اور اس کا شاخسانہ سزا کے طور پر ملا، اس ملک میں جو ڈیل لیتے ہیں وہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کے الزام سے بھی بری الزمہ ہوجاتے ہیں، پھر بائیومیٹرک بھاگ کر ایئرپورٹ جاتی ہے، مفرور ہونے کے باوجود ہیلی کاپٹر پر آکر وہ کبوتر اڑاتے ہیں، پھر کبوتر اڑاتے ان کی ایک چونچ اور دُم بھی غائب ہوجاتی ہے، فیصلے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقاات ہوئی، دونوں پرعزم اور ان کے حوصلے بلند ہیں، 21 دسمبر کو جب فیصلہ آنا تھا تو اسی روز ہم نے نیوزکانفرنس کے نوٹس تیار کرلیے تھے، پھر سلمان اکرم راجا کو اپیل تیار کرنے کا بھی کہہ دیا گیا تھا، اپیل ہماری تیار ہے جیسے ہی تحریری فیصلہ ملے گا اپیل دائر کردیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات