بھارت نے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا

ہندوستان پہلے انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 جنوری 2025 15:20

بھارت نے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جنوری 2025ء ) بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں روہت شرما میں بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے، شبھمن گل نائب کپتان ہوں گے، جسپریت بمرا بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ 
سابق کپتان ویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا، کے ایل راہول، شریاس ایر، رشبھ پنت اکشر پٹیل اور محمد شامی بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

 
واشنگٹن سندر، ارشدیپ سنگھ، یشسوی جیسوال،رویندرا جدیجا اور کلدیپ یادو 15رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ فاسٹ بولر محمد سراج کو ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔
15 میچوں پر مشتمل آٹھ ٹیموں کا یہ ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان اور دبئی کے تین مقامات کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں چلے گا۔

(جاری ہے)

ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش جبکہ گروپ بی میں افغانستان، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور آسٹریلیا شامل ہیں۔
میزبان پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے 19 فروری کو کراچی میں ہوگا جبکہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان بلاک بسٹر ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں شیڈول ہے۔
پاکستان اپنے ملک میں کل 10 میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ چار میچز بشمول بھارت کے گروپ مرحلے کے تینوں میچز اور پہلا سیمی فائنل دبئی میں کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جانا ہے لیکن اگر بھارت نے کوالیفائی کر لیا تو اس کا انعقاد بھی دبئی میں ہوگا۔
مزید برآں موسم سے متعلق کسی بھی رکاوٹ سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر حتمی تصادم کے لیے ایک ریزرو دن بھی مختص کیا گیا ہے۔