26ویں ترمیم کا مقصد یہی تھا کہ انتظامیہ کے پشت پناہوں کو بالادست کیا جائے

چھبیسویں ترمیم عدلیہ پر حملہ اور تفریق کا منصوبہ تھا، آئندہ دنوں عدلیہ میں انتشار اور تفریق مزید سامنے آئے گی، رہنماء پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 21 جنوری 2025 23:22

26ویں ترمیم کا مقصد یہی تھا کہ انتظامیہ کے پشت پناہوں کو بالادست کیا ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 جنوری 2025ء ) سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ 26ویں ترمیم کا مقصد یہی تھا کہ انتظامیہ کے پشت پناہوں کو بالادست کیا جائے، چھبیسویں ترمیم عدلیہ پر حملہ اور تفریق کا منصوبہ تھا، آئندہ دنوں عدلیہ میں انتشار اور تفریق مزید سامنے آئے گی۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کی تیسری نشست میں واضح بتا دیا تھا کہ کمیٹی کمیٹی کھیلنے نہیں آئے، بنیادی بات یہ ہے کہ ملک میں پہلے بھی کمیشن بنتے رہے ہیں، ان کی رپورٹس کے ساتھ جو بھی ہوتا رہا، قانون موجود ہے کمیشن بنانا سادہ کام ہے، ہم جاننا چاہتے ہیں کہ 9مئی اور 26نومبر کو کیا ہوا؟ کیا وجہ تھی کہ لوگ میلوں پیدل چل کر حساس مقامات تک پہنچے اور ان کو کسی نے روکا بھی نہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود نہیں ہیں، کیوں مسلسل سات آٹھ گھنٹے کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود نہیں ہے؟ کہتے کہ 26نومبر کو گولی نہیں چلی میں خود لوگوں کے گھروں میں گیا ہوں، جن کو گولیاں لگی ہیں۔

(جاری ہے)

اگر حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے تیار نہیں تو آئندہ نشست نہیں ہوگی ، مذاکرات کو آگے بڑھانے کیلئے کمیشن بنانے کا اعلان فوری ہونا چاہیئے۔ سیاسی استحکام ہر جگہ نظر آنا چاہئے اسمبلی اور میڈیا سمیت ہر جگہ استحکام آنا چاہئے ، جب تک ملک کی بڑی جماعت کے لیڈر کو جگہ نہیں دیتے تو ملک آگے نہیں بڑھے گا۔ دوسری جانب سابق وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی دروازے کے باہر دیکھ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو ڈیل آفر نہیں ہورہی، بانی پی ٹی آئی کو ڈیل آفر ہوگی تو وہ ایک منٹ میں ہوجائے گی، بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل ہوا تو میرے لئے حیران کن نہیں ہوگا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ فواد چودھری کی طرح مجھے اب پی ٹی آئی میں واپس نہیں جانا، بانی یا پی ٹی آئی سے کچھ نہیں چاہیئے مجھے پارٹی سے نکالا گیا تھا، پی ٹی آئی پاکستان میں ہے کہاں ؟یہ توٹوٹ چکی ہے، علی زیدی ، عمران اسماعیل ، اسد عمر ، مراد سعید یہ پارٹی تھی ، بانی پی ٹی آئی ہی پارٹی ہے وہ آج بھی مقبول ہیں، تھرڈ ورلڈ ممالک میں جب بھی اسٹیبلشمنٹ سے ٹکرائیں گے تو سر ہی پھٹے گا۔میرا تو 5سالہ مدت والی جمہوریت پر یقین ہی نہیں ۔